پی ایس ایل 12: ریٹینشنز کیلیے نئی شرائط کیساتھ آخری تاریخ مقرر کر دی گئی

7 کھلاڑی ریٹین کرنے کا آپشن استعمال کرنے والی فرنچائز کو پچھلے آکشن کا اپنا سب سے مہنگا کھلاڑی لازمی ریلیز کرنا ہوگا


سلیم خالق October 30, 2026

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے لیے ریٹینشنز کی آخری تاریخ 13 جنوری 2027 مقرر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن 12 کی تیاریوں کے سلسلے میں سی ای او سلمان نصیر کی زیر صدارت آپریشنز ورکشاپ کا انعقاد ہوا جس میں ایونٹ کے فریم ورک کو حتمی شکل دی گئی۔

تمام فرنچائزز نے پیش کیے جانے والے ریٹینشنز قوانین، پلیئرز آکشن کی شرائط اور ٹیموں کے اسکواڈز سائز پر مکمل اتفاق کیا۔

ریٹینشنز کی تاریخ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کی گئی۔ مقامی کھلاڑی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں پرفارم کر کے فرنچائزز کا اعتماد جیت سکتے ہیں۔

تمام فرنچائزز نے پلیئرز آکشن کے قوانین کا سطری جائزہ لیا اور متفقہ طور پر منظور کیا۔

ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ سات کھلاڑی ریٹین کر سکتی ہے۔ مکمل سات کھلاڑی ریٹین کرنے کا آپشن استعمال کرنے والی فرنچائز کو پچھلے آکشن کا اپنا سب سے مہنگا کھلاڑی لازمی ریلیز کرنا ہوگا۔

ورکشاپ میں ہر فرنچائز کی سیلری کیپ پر بھی فیصلہ کیا گیا۔ ہر فرنچائز کی سیلری کیپ 45 کروڑ پاکستانی روپے یا تقریبا ایک اعشاریہ چھ ملین امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

اگر کوئی فرنچائز کسی کھلاڑی کو ڈائریکٹ سائن کرتی ہے یا گزشتہ سیزن کی ’ڈائریکٹ سائننگ‘ کو برقرار رکھتی ہے یا یہ دونوں کام کرتی ہے تو اس کی سیلری کیپ بڑھ کر 50.5 کروڑ پاکستانی روپے ہو جائے گی۔

پلیئرز آکشن میں ہر فرنچائز کو کم از کم ساڑھے 36 کروڑ پاکستانی روپے خرچ کرنا لازمی ہوں گے۔

ڈائریکٹ سائننگ کا عمل 23 نومبر تک جاری رہے گا۔ ہر فرنچائز ڈائریکٹ سائننگ میں صرف وہی غیر ملکی کھلاڑی سائن کر سکتی ہے جنہوں نے پچھلے دو پی ایس ایل سیزنز میں شرکت نہ کی ہو۔

اس موقع پر سلمان نصیر نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف اس لیے اہم تھا کہ کن چیزوں پر اتفاق ہوا بلکہ اس لیے بھی کہ یہ اتفاق رائے کس انداز میں قائم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ تمام فرنچائزز نے ورکشاپ میں مکمل کھلے پن کا مظاہرہ کیا۔ ورکشاپ میں نیلامی کے اصولوں کا ایک ایک نکتہ زیرِ بحث لایا گیا۔ آخر میں تمام آٹھ ٹیموں کی جانب سے متفقہ منظوری حاصل ہوئی۔

سی ای او پی ایس ایل کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ریٹین کرنے کی آخری تاریخ کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران رکھا گیا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو موقع مل سکے۔