جامعہ بنوریہ کا تین روزہ ادبی فیسٹیول ’تکلم‘ اختتام پذیر، 400 سے زائد تعلیمی اداروں کے طلبہ شریک

فیسٹیول کے دوران حسنِ قرأت، نعت، نظم، غزل، بیت بازی، اردو تقاریر اور مقالہ نگاری سمیت متعدد مقابلے منعقد کیے گئے


ویب ڈیسک October 30, 2026

کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے زیرِ اہتمام تین روزہ سالانہ ادبی فیسٹیول ’تکلم 2026‘ اختتام پذیر ہوگیا۔ فیسٹیول میں ملک بھر کے 400 سے زائد دینی و عصری تعلیمی اداروں کے طلبہ نے مختلف علمی، ادبی اور تقریری مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

فیسٹیول کے دوران حسنِ قرأت، نعت، نظم، غزل، بیت بازی، اردو تقاریر اور مقالہ نگاری سمیت متعدد مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں طلبہ نے بھرپور حصہ لیا۔

اردو تقریری مقابلے میں جامعہ کراچی کے ایم احتشام نے پہلی، ورچوئل یونیورسٹی کے عبدالمعیز نے دوسری اور جامعۃ الانوار کے محمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ بہترین مقرر کا گولڈ میڈل رامش شیخ کو دیا گیا۔ مقابلوں میں مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم ٹرافی علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی نے اپنے نام کی۔

مقابلۂ نعت کی سینئر کیٹیگری میں جامعۃ الرشید کے تقی الدین جبکہ جونیئر کیٹیگری میں روضۃ الاطفال کے امیر معاویہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ حسنِ قرأت کے جونیئر مقابلے میں ایچ بی سی ایجوکیشن کے عبدالمجید بن عبداللطیف اور سینئر کیٹیگری میں جامعۃ الرشید کے حماد شکور اول قرار پائے۔

اس کے علاوہ نظم، غزل، بیت بازی اور مقالہ نگاری سمیت دیگر علمی و ادبی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو بھی انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا کہ ادبی سرگرمیاں نوجوانوں کی علمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ تین روزہ فیسٹیول میں دینی اور عصری تعلیمی اداروں کے طلبہ کی بڑی تعداد کی شرکت نے اسے ایک وسیع علمی و ادبی اجتماع بنا دیا۔