کراچی:
کراچی میں ایل پی جی کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ہوا ہے اور فی کلو قیمت 550 روپے تک پہنچ گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ایل پی جی کی قیمتوں کا بحران شدت اختیار کر گیا، ایک روز کمی کے بعد قیمت میں دوبارہ 50 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا، جس کے بعد شہر میں ایل پی جی 550 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی، جبکہ سرکاری نرخ کے مقابلے میں دگنی قیمت پر گیس کی فروخت جاری ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایرانی ایل پی جی کی سپلائی کراچی کی مارکیٹوں تک نہیں پہنچ رہی، جس کے باعث مقامی مارکیٹنگ کمپنیوں نے سپلائی میں کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران سے ایل پی جی کی درآمد متاثر ہونے کے باعث مارکیٹ میں قلت پیدا ہو رہی ہے اور صارفین کو مہنگے داموں گیس خریدنا پڑ رہی ہے۔
دکان داروں کے مطابق مارکیٹنگ کمپنیاں انہیں مہنگے داموں ایل پی جی فراہم کر رہی ہیں، جس سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث فروخت میں 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب صارفین کا کہنا ہے کہ گھروں میں سوئی گیس کی عدم دستیابی کے باعث مہنگی ایل پی جی خریدنا مجبوری ہے،گیس کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو بجٹ متاثر ہونے کے ساتھ ٹرانسپورٹ کرایوں، تندوروں اور بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس کا بوجھ براہ راست عام شہریوں کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایرانی ایل پی جی کی سپلائی معمول پر نہ آنے اور مقامی مارکیٹ میں قیمتوں پر مؤثر حکومتی نگرانی نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ موسم سرما کی آمد کے پیش نظر کراچی میں گیس کی قلت اور ایل پی جی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔۔