ایپل اسٹورز اور ایپل کے مجاز سروس فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کی گئی ایک یادداشت میں ایپل نے اپنے ٹیکنیشنز کو آئی فون ڈوو کی اندرونی اسکرین میں دراڑیں پڑنے کے مسئلے کی تشخیص اور اسے حل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔
ایپل نے ٹیکنیشنز کو ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی صارف اس مسئلے کی شکایت لے کر آئے تو وہ آئی فون ڈوو کا معائنہ کریں اور اپنے معمول کے طریقہ کار کے مطابق اس کی مرمت کریں یا اسے تبدیل کر دیں۔
اگرچہ ان ہدایات میں کوئی غیر معمولی بات نہیں لیکن ایپل کی جانب سے اندرونی یادداشت جاری کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ مسئلہ اتنا عام ہو چکا ہے کہ کمپنی کو اس حوالے سے باضابطہ رہنمائی جاری کرنا پڑی۔
ایپل کی یادداشت کے مطابق یہ مسئلہ آئی فون ڈوو کے بہت کم یونٹس میں سامنے آیا ہے، جو پیر کے روز کمپنی کے جاری کردہ بیان سے مطابقت رکھتا ہے۔
ایپل نے میک رومرز کو دیے بیان میں کہا کہ کمپنی کو آئی فون ڈوو کے چند یونٹس کی اندرونی اسکرین کو متاثر کرنے والے ایک مسئلے کا علم ہے۔ اگر صارفین کو اپنے آئی فون ڈوو کی اسکرین میں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو انہیں متبادل ڈیوائس حاصل کرنے کے لیے ایپل کیئر سے رابطہ کرنا چاہیے۔
امریکا اور کینیڈا میں صارفین ایپل کی ویب سائٹ کے ذریعے یا 1-800-APL-CAREپر کال کرکے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔