فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اکتوبر 2026 اور رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا اور مذکورہ 4 ماہ کے دوران 96 ارب روپے شارٹ فال کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق اکتوبر 2026 میں ٹیکس وصولیوں کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 129 ارب روپے کے شارٹ فال کا انکشاف ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر2026)کے دوران ایف بی آر کو مجموعی طور پر96ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کے سامنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کی طرف سے مجموعی طور پر77 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے ہیں اور توقع ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو اکتوبر 2026 کے دوران ہدف کے مقابلے میں ایک ہزار 3 ارب روپے کی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں ہوئی ہیں جبکہ اس مدت کے لیے مقررہ ہدف ایک ہزار 132 ارب روپے تھا، اس لحاظ سے اکتوبر 2026 میں پچھلے سال اکتوبر کے مقابلے میں حاصل ہونے والی ٹیکس وصولیوں میں صرف 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اکتوبر2026 کا ریونیو شارٹ فال 129 ارب روپے رہا ہے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تااکتوبر 2026) میں ایف بی آر کو مجموعی طور پر 4 ہزار 89 ارب روپے کی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں ہوئی ہیں جبکہ اس عرصے کے لیے ہدف 4 ہزار 185 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا۔
مزید بتایا گیا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں اس مالی سال کے پہلے چار ماہ میں مجموعی وصولیوں میں بھی صرف 6 فیصد اضافہ ہوا تاہم اب تک ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان سے موصول ہونے والے انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد 77 لاکھ ہوگئی ہے۔