شہر قائد کے علاقے محمود آباد میں مشہور بریانی ہاؤس پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ بھگدڑ مچ گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محمود آباد میں قائم بریانی ہاؤس پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گولیاں لگنے سے دروازے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے۔
پہلی منزل پر بنے فیملی ہال میں موجود افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت دیگر افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور انھوں ںے فرش پر لیٹ پر اپنی جان بچائی۔
شدید فائرنگ سے فیملی ہال کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ دیگر مقامات پر بھی گولیوں کے نشانات پائے گئے ، موٹر سائیکل سوار ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر ریسٹورنٹ مالک اور دیگر عملے سے معلومات حاصل کی۔
اس موقع پر ریسٹورنٹ کے مالک خالد نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار نقاب پوش جنھوں نے ہلمٹ بھی پہنا ہوا تھا ریسٹورنٹ کے پہلی منزل پر بنے فیملی ہال پر کلاشنکوف کا برسٹ مارا جس کے باعث فیملی ہال کے شیشے ٹوٹ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتے کے روز د کھانا کھانے کے لیے آنے والی فیملیز کا بھی رش زیادہ ہوتا ہے، فائرنگ کی وجہ سے اُن میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ، جائے وقوعہ سے کلاشنکوف کی گولیوں کے خول ملے ہیںْ
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایک سے ڈیڑھ سال قبل ان کے پاس ملائشیا کے نمبر سے بھتے کی کال آئی تھی جس میں بھتہ بھی طلب کیا گیا تھا تاہم ان کے ریسٹورنٹ پر اب کی جانے والی فائرنگ کی وجہ کا معلوم نہیں کہ وہ کیوں کی گئی تاہم شبہ ہے کہ مجھے ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کی گئی۔
واقعے کی پولیس اور دیگر ادارے تفتیش کرینگے تو مزید معلومات حاصل ہو سکے گی، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق فائرنگ اتنی شدید تھی کہ پورا علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا اور جائے وقوعہ سے ملنے والے کلاشنکوف کے خول پولیس نے قبضے میں لے لیے ہیں۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں ہلمٹ پہنے موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان ریسٹورنٹ کے سامنے آکر رکتے ہیں جس میں ایک ملزم کلاشنکوف سے فائرنگ کرتا ہوا دکھائی دیا اور دوران اس کا ساتھی موٹر سائیکل چلاتے ہوئے فرار ہوتا ہے تو اس دوران بھی ملزم فائرنگ کرتے ہوئے دکھائی دیا جبکہ لوگوں میں کو بھاگتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔