کراچی:
شہر قائد میں نشتر روڈ، لو لائن، گارڈن روڈ اور آغا خان سوئم روڈ فلائی اوور کی تعمیر کے سلسلے میں ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا اعلان کردیا ہے۔
گڈ لک میرج ہال، لو لائن سگنل اور جمن شاہ مزار کے مقام پر سڑک آج رات سے ترقیاتی کام کے باعث ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق پاک کالونی اور لیاری ایکسپریس وے سے آنے والی ٹریفک غلام حسین قاسم روڈ (اورنج اسٹریٹ) سے ڈی سلوا اسٹریٹ کے راستے نشتر روڈ پہنچے گی۔
وہاں سے بائیں جانب مڑ کر جمن شاہ مزار سے یو ٹرن لیتے ہوئے آغا خان سوئم روڈ کے ذریعے صدر کی جانب جا سکے گی۔
مراد خان چوک سے شالیمار اسٹریٹ کے راستے فوارہ چوک پہنچنے والی گاڑیاں اورنج اسٹریٹ اور لو لائ روڈ استعمال کرتے ہوئے منگھو پیر روڈ اور لیاری ایکسپریس وے کی جانب جا سکیں گی۔
اسی طرح مراد خان چوک سے آنے والی ٹریفک گارڈن آفیشل اسٹریٹ کے ذریعے جیلانی چوک اور دھوبی گھاٹ کی جانب جا سکے گی۔
ٹریفک پولیس نے ہیوی ٹریفک کے لیے بھی متبادل راستہ مقرر کیا ہے۔ بھاری گاڑیاں بڑا بورڈ سے ناظم آباد، گلبہار سینٹری مارکیٹ اور لسبیلہ کے راستے گرو مندر اور ایم اے جناح روڈ کی جانب روانہ ہوں گی۔
ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکار تمام ڈائیورژن پوائنٹس پر تعینات رہیں گے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر کے دوران متبادل راستے اختیار کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔