ناراض بیوی کو منانے میں ناکامی پر شوہر نے چھریوں کے وار کر کے بیوی اور 5 بچوں کو زخمی کر دیا

ماں کو ملزم کے حملے سے بچانے کے لیے بچے درمیان میں آگئے


سید مشرف شاہ November 01, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

نشتر کالونی میں گھریلو تنازع پر ایک شخص نے اپنی بیوی اور پانچ بچوں کو چھریوں کے وار کرکے زخمی کردیا، پولیس نے ملزم کو موقع سے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم ارشد اپنی ناراض بیوی کو منانے کے لیے حاکم چوک کے قریب واقع سسرال گیا تھا، جہاں بیوی نے اس کے ساتھ واپس جانے سے انکار کردیا۔ اس بات پر ملزم طیش میں آگیا اور اس نے چھری سے بیوی پر حملہ کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ماں کو ملزم کے حملے سے بچانے کے لیے بچے درمیان میں آگئے، تاہم ملزم کے چھریوں کے وار سے پانچ بچے بھی زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے ملزم ارشد کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔