ایل پی جی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ، ایسوسی ایشن کا 16 نومبر سے فروخت بند کرنے کا اعلان

حکومت کے نئے قیمتوں کے تعین سے متعلق طریقہ کار کے خلاف مشترکہ طور پر ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا، سینئر وائس چیئرمین


ویب ڈیسک November 01, 2026

حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا فارمولا متعارف کرانے کے خلاف  ایل پی جی  ایسوسی ایشنز نے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے اعلان کے مطابق ہڑتال کا آغاز 16 نومبر سے ہوگا اور اس دوران مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی فروخت بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایل پی جی مارکیٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین علی حیدر نے حکومتی پرائسنگ فارمولے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 نومبر سے ملک بھر میں ایل پی جی کی فروخت معطل کردی جائے گی۔

علی حیدر کے مطابق تمام متعلقہ ایسوسی ایشنز کے ہنگامی اجلاس میں حکومت کے نئے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے خلاف مشترکہ طور پر ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی فارمولے کے نفاذ سے ایل پی جی کی قیمتوں میں 25 سے 30 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے باعث ایسوسی ایشنز نے اس طریقہ کار کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔