گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد شکیل احمد کے بھائی اور والد نے پریس کانفرنس میں ندامت کا اظہار کیا ہے۔
پنجگور کے علاقے پروم کے رہائشی محمد حیات نے اپنے والد عبدالعزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بھائی شکیل احمد 5 سال قبل فتنہ الہندوستان نامی کالعدم تنظیم کے بہکاوے میں آکر گھر چھوڑ گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ کوشش کرکے اسے سرنڈر بھی کروایا گیا، تاہم وہ دوبارہ تنظیم میں چلا گیا۔
محمد حیات کے مطابق 2 دن قبل انہیں معلوم ہوا کہ شکیل احمد گوادر میں دہشت گردی کی کارروائی انجام دیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کا شکیل احمد کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں اور بھائی کی جانب سے غلط راستہ اختیار کرنے پر وہ شدید شرمندہ ہیں۔
انہوں نے دیگر والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں تعلیم دلوائیں۔ محمد حیات نے کہا کہ ان کا خاندان پاکستان کا وفادار ہے۔