اسلام آباد:
پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے انٹربینک کنسورشیم کی چیئرمین شپ سنبھال لی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان 2026-2027 کے لیے اس ذمہ داری پر فائز ہوا ہے اور سلطان علی آلانہ نے ایس سی او انٹربینک کنسورشیم کے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم اور اس کے انٹربینک کنسورشیم کی چیئرمین شپ ایک ہی عرصے کے لیے ہوگی، جسے علاقائی تجارت، سرمایہ کاری اور مالیاتی روابط کے فروغ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی قرار دیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے سلطان علی آلانہ کو چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
پاکستان نے ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سرحد پار تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
علاقائی اقتصادی انضمام اور مشترکہ خوشحالی کا فروغ پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔