بیجنگ: چین نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ دوبارہ ہتھیار اٹھانے کے بجائے سیاسی حل تلاش کریں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے بیجنگ میں ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سیکریٹری علی باقری کنی سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔
چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق وانگ یی کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات حل کرنے کا راستہ مکالمہ اور مذاکرات ہیں۔ تمام فریقوں کو چاہیے کہ وہ سیاسی حل پر توجہ دیں اور ایک بار پھر فوجی کارروائیوں کی طرف نہ جائیں۔
ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے ایران کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے چین کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔
وانگ یی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ چین نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ مسائل کا حل فوجی طاقت کے بجائے سیاسی بات چیت کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔