امریکا: دو ماہ سے والِٹ میں پڑے لاٹری ٹکٹ نے 10 لاکھ ڈالر کا انعام جتوا دیا

54 سالہ مائیکل وینڈر نے 8 اگست کے پاوربال ڈرا کے لیے اپنا ٹکٹ مقامی اسٹور بگ ٹاپ مارکیٹ سے خریدا تھا


ویب ڈیسک November 03, 2026
فوٹو: فائل

امریکا میں ایک شخس نے والٹ میں دو ماہ سے رکھے لاٹری ٹکٹ سے 10 لاکھ ڈالر کا انعام جیت لیا۔

ریاست مشی گن کے شہر وائیومنگ کے 54 سالہ رہائشی مائیکل وینڈر نے 8 اگست کے پاوربال ڈرا کے لیے اپنا ٹکٹ مقامی اسٹور بگ ٹاپ مارکیٹ سے خریدا تھا اور اسے والِٹ میں دیگر لاٹری ٹکٹوں کے ساتھ رکھ دیا تھا۔

مائیکل کے مطابق وہ تقریباً دو ماہ تک اس ٹکٹ کو چیک کرنا ہی بھول گئے اور اسے معمول کے مطابق اپنے والِٹ میں لیے پھرتے رہے۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں وہ ایک دکان سے کولڈ ڈرنک خریدنے گئے جہاں ادائیگی کے وقت انہیں احساس ہوا کہ ان کے پاس نقد رقم کم ہے۔ کارڈ استعمال کرنے کے بجائے انہوں نے اپنے والِٹ سے پاوربال کے چند ٹکٹ کیشیئر کو دے دیے، جن کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ ان پر معمولی انعام نکلا ہے۔

تاہم ٹکٹ چیک کرنے پر کیشیئر نے انہیں ایسی خوشخبری سنائی جس نے ان کی خوشی دوبالا کر دی۔ ان کا ایک ٹکٹ 10 لاکھ ڈالر کا انعام جیت چکا تھا، جس کا انہیں دو ماہ تک علم ہی نہیں ہو سکا تھا۔