پیروں میں جھنجھناہٹ کن بیماریوں کی علامت ہوسکتی ہے؟ علاج جانیے

پیروں میں جلن، سنسناہٹ یا سوئیاں چبھنے جیسا احساس معمولی مسئلہ سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے


ویب ڈیسک November 03, 2026

پیروں میں جلن، سنسناہٹ یا سوئیاں چبھنے جیسا احساس معمولی مسئلہ سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

طبی ماہرین کے مطابق اس کیفیت کی ایک عام وجہ ذیابیطس ہے، کیونکہ خون میں شوگر کی مسلسل زیادتی وقت کے ساتھ اعصاب کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ تاہم اس علامت کے پیچھے کئی دوسری وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔

ہائپو تھائیرائیڈزم

جب تھائیرائیڈ گلینڈ ضرورت کے مطابق ہارمونز پیدا نہ کرے تو جسم کے مختلف افعال متاثر ہوسکتے ہیں۔ ہارمونز کا یہ عدم توازن اعصاب کو نقصان پہنچانے اور پیروں میں درد یا جھنجھناہٹ کا سبب بن سکتا ہے۔

انفیکشنز

بعض انفیکشنز بھی اعصابی نظام کو متاثر کرسکتے ہیں۔ ایچ آئی وی، لائم بیماری اور سفلس ان بیماریوں میں شامل ہیں جن کے باعث پیروں میں سنسناہٹ یا جھنجھناہٹ محسوس ہوسکتی ہے۔

وٹامن بی 12 کی کمی

وٹامن بی 12 کی کمی اعصاب کی صحت کو متاثر کرتی ہے اور پیروں میں جھنجھناہٹ پیدا ہوسکتی ہے۔ یہ کمی بعض اوقات ایسے افراد میں زیادہ دیکھی جاتی ہے جن کی غذا میں جانوروں سے حاصل ہونے والی غذائیں بہت کم ہوتی ہیں۔ دوسری جانب وٹامن بی 1 اور بی 6 کی ضرورت سے زیادہ مقدار بھی اعصابی مسائل اور پیروں میں سنسناہٹ کا باعث بن سکتی ہے۔

گردوں کی بیماری

گردے جب خون سے فاضل اور زہریلے مادے مناسب طریقے سے خارج نہ کرسکیں تو یہ مادے جسم میں جمع ہونے لگتے ہیں۔ اس کیفیت کے نتیجے میں اعصاب متاثر ہوسکتے ہیں اور پیروں میں جھنجھناہٹ یا درد محسوس ہوسکتا ہے۔

ایتھلیٹس فُٹ

ایتھلیٹس فُٹ پاؤں میں ہونے والا ایک فنگل انفیکشن ہے۔ اس کے باعث جلد خشک، چکنی یا چھلکے دار ہوسکتی ہے، جبکہ تلووں کی رنگت سفید پڑنے اور جلن محسوس ہونے جیسی علامات بھی سامنے آسکتی ہیں۔

گھریلو علاج

پیروں میں جلن اور سوئیاں چبھنے جیسی کیفیت میں کچھ آسان تدابیر عارضی سکون دے سکتی ہیں۔ پاؤں کو تھوڑی دیر ٹھنڈے پانی میں رکھنے سے جلن میں کمی محسوس ہوسکتی ہے۔ اسی طرح ہلکے ہاتھوں سے مساج کرنے سے خون کی گردش بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم زیادہ دباؤ ڈالنے سے گریز کرنا چاہیے۔

باقاعدہ ہلکی ورزش بھی دورانِ خون بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے، جس سے پیروں تک آکسیجن کی فراہمی بہتر ہوتی ہے۔

تاہم یہ تدابیر بنیادی بیماری کا علاج نہیں ہیں۔ اگر پیروں میں جلن یا جھنجھناہٹ مسلسل برقرار رہے تو ڈاکٹر سے معائنہ ضرور کروائیں تاکہ اصل وجہ معلوم کرکے مناسب علاج کیا جاسکے۔