ہم زمین سے ٹکرا جائیں گے؛ طیارہ حادثے کے پائلٹ کا آخری دلخراش آڈیو میسیج منظرعام پر

فضائی ٹریفک کنٹرول سے رابطے کی ریکارڈنگ میں پائلٹ کو برف جمنے اور شدید ہچکولوں کی اطلاع دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے


ویب ڈیسک November 03, 2026
فلوریڈا میں 9 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے لیک جیٹ طیارے کے حادثے سے پہلے پائلٹ نے فضائی ٹریفک کنٹرول سے متعدد بار ہنگامی مدد طلب کی۔

امریکی ریاست فلوریڈا میں 9 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے نجی طیارے کے حادثے سے چند لمحے پہلے پائلٹ کی پریشان کن گفتگو سامنے آگئی.

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لیک جیٹ 60 اتوار کو پام بیچ کاؤنٹی میں رہائشی علاقے کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا۔ طیارے میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

فضائی ٹریفک کنٹرول سے رابطے کی ریکارڈنگ میں پائلٹ کو پہلے برف جمنے اور شدید ہچکولوں کی اطلاع دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ بعدازاں اس نے بارش اور خراب موسم کے باعث طیارے کو مزید بلندی پر لے جانے کی درخواست کی۔

صورتِ حال اچانک بگڑ گئی اور پائلٹ نے ہنگامی پیغام دیتے ہوئے بتایا کہ طیارہ 10 ہزار فٹ فی منٹ کی رفتار سے نیچے جا رہا ہے۔

چند لمحوں بعد پائلٹ نے بتایا کہ طیارے کی رفتار قابو سے باہر ہو رہی ہے اور وہ 20 ہزار فٹ فی منٹ کی رفتار سے بلندی کھو رہا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پائلٹ نے کہا کہ ’ہم زمین سے ٹکرا جائیں گے‘، جس کے بعد اس نے 22 ہزار فٹ فی منٹ کی رفتار سے نیچے گرنے کی اطلاع دی۔

رائٹرز کے مطابق طیارہ ٹیکساس سے بہاماس جا رہا تھا۔ حادثے کے وقت علاقے میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو رہی تھی۔

امریکی حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردیں۔ ابتدائی اطلاعات میں خراب موسم، طیارے پر برف جمنے اور شدید ہچکولوں کا ذکر کیا گیا ہے تاہم حادثے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔