کراچی: سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

پولیس نے واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دیدیا جبکہ عینی شاہد کے مطابق نوجوان کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا


اسٹاف رپورٹر November 03, 2026

کراچی:

سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

 تفصیلات کے مطابق سرجانی سیکٹر 36 سائرہ بی بی گوٹھ پولیس چوکی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے شخص  کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن انسپکٹر ناصر  محمود کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 22 سالہ محمد خلیل ولد محمد افضل خان کے نام سے کی گئی۔

 انہوں نے بتایا کہ منگل کی صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے محمد خلیل اس کے والد افضل خان سرائیکی اور چچا منظور حسین سرائیکی جو پیشے کے اعتبار سے مستری ہیں، اپنے رکشہ (رجسٹریشن نمبر 08472) پر روزی گوٹھ سارہ بی بی سے گلشنِ معمار کی جانب جا رہے تھے۔

جیسے ہی یہ لوگ میمن سوسائٹی کے قریب ندی کے پاس پہنچے تو ایک موٹر سائیکل پر سوار دو لڑکوں نے انہیں روکا اور کسی نامعلوم رنجش کی بنا پر محمد خلیل ولد افضل خان کے ماتھے پر گولی مار دی جس سے اس کی موقع پر موت واقعے ہوگئی۔

موقع واردات سے 30 بور پستول کا ایک خول ملا ہے جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے، کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے ہیں، مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔

دریں اثنا مقتول کے والد نے بتایا کہ وہ ان کا بھائی اور بیٹا مزدوری کا کام کرتے ہیں، مزدوری کے لیے سچل کے علاقے میں رکشہ پر جارہے تھے۔ دو موٹر سائیکل سوار ملزمان آئے رکنے کا اشارہ کیا اور نہ رکنے پر فائرنگ کردی جس سے میرا بیٹا جاں بحق ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، سرجانی ٹاوٴن ڈکیتی کی وارداتیں روز کا معمول بن گئی ہیں۔ مقتول کے کزن سلیم نے بتایا کہ مقتول شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ تھا، تدفین آبائی علاقے مظفر گڑھ میں ہوگی۔