کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ 7 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق منگھوپیر پولیس اور شاہین فورس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب نورانی ہوٹل کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت 24 سالہ سعد رحمان والد محمد شرین خان کے نام سے ہوئی۔
خواجہ اجمیر نگری پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب نارتھ کراچی سیکٹر A-2/1 سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزمان کی شناخت مرسلین بٹ ولد خلیل احمد بٹ اور حمزہ ولد خلیل اقبال کے ناموں سے کی گئی، گرفتار ملزمان سے دو پستولیں بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
مليرسٹی پولیس نے باون شاہ مزار رائل سوسائٹی کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا، دوسرے ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، مارے جانے والے ڈاکو کی لاش اور زخمی ڈاکو کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مارے جانے والے 34 سالہ ڈاکو کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 28 سالہ خادم حسین ولد حسین کے نام سے کی گئی۔
فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس نے شہیدِ ملت سروس روڈ جھیل پارک کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک بھتہ خور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جس کی شناخت حبیب رحیم شاہ عرف راکٹ ولد جوہر شاہ کے نام سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار پی آئی بی کے کمانڈر احمد علی مگسی گینگ سے ہے، احمد علی مگسی گینگ شہر بھر میں بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔
پیرآباد پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب بنارس پل سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، ملزم کی شناخت 24 سالہ ایاز اللہ کے نام سے کی گئی۔
مومن آباد پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اورنگی ٹاؤن مومن آباد سیکٹر 11/E آفتاب گراؤنڈ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جس کی شناخت 23 سالہ عبداللہ ولد عبدالستار کے نام سے کی گئی۔