کراچی:
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے کان کھول کر سن لیں، شاہراہِ فیصل پر جلسے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی۔
کراچی میں سندھ کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسہ کرنا ہے تو باقاعدہ اجازت حاصل کرکے پُرامن اور قانونی طریقے سے جلسہ کرے، جلسے کے انعقاد کی خواہش مند تمام سیاسی جماعتوں کو پہلے متعلقہ حکام سے اجازت لینا ہوگی تاہم شاہراہِ فیصل پر کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کو بارہ مئی جیسے واقعات دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام سیاسی جماعتوں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں انجام دینے کی مکمل آزادی ہے، کوئی بھی فریق حکومت پر اپنا فیصلہ مسلط نہیں کر سکتا، ہم کسی صورت تصادم اور بدامنی کی فضا پیدا نہیں ہونے دیں گے۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت صوبائی خودمختاری اور صوبوں کے حقوق کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کر چکی ہیں، سندھ اسمبلی سے بالاتر کوئی قانون یا فیصلہ نہیں ہو سکتا، سندھ کی منتخب صوبائی اسمبلی اس معاملے پر اپنا فیصلہ دے چکی ہے، ملک میں آئین اور قانون موجود ہیں اور ان کی بالادستی ہر صورت مقدم ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے سرکاری گندم کی ریلیز پرائس 5 ہزار روپے سے کم کر کے 4 ہزار 500 روپے فی 40 کلو گرام کرنے کی منظوری دے دی ہے، نئی قیمت کی وجہ سے آٹا 17 روپے فی کلو سستا ہونا شروع ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے لیڈی ڈفرن اسپتال ٹرسٹ کو سندھ ٹرسٹ ایکٹ 2020 کے تحت رجسٹر کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔
ضلع جامشورو کی پانچ ترقیاتی اسکیموں کے لیے 502.409 ملین روپے کے اضافی فنڈز کی بھی منظوری دے دی گئی۔
سندھ کابینہ نے نوابشاہ ٹاؤن، ضلع شہید بینظیر آباد میں واٹر سپلائی اور ڈرینج سسٹم کی بہتری کے لیے 2 ارب 99 کروڑ 34 لاکھ 26 ہزار روپے کی لاگت سے اسکیم کی بھی منظوری دے دی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کچی آبادیوں سے متعلق کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو کچی آبادیوں کے معاملات کے حل کیلئے ون ونڈو آپریشن سے متعلق قوانین اور تجاویز مرتب کرے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک مینجمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے گی، کراچی میں اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔