ریاست کو نقصان پہنچانے والا کوئی بھی عمل  بہتری کے لیے نہیں ہو سکتا، وزیراعظم آزاد کشمیر

چند لوگوں کی وجہ سے ہم اپنی آنے والی نسل کا نقصان کیوں کر رہے ہیں؟ بیرسٹر افتخار گیلانی کا راولا کوٹ کا دورہ


اسٹاف رپورٹر November 03, 2026

راولاکوٹ:

وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ راولاکوٹ میں نقل و حرکت متاثر ہونے کے باعث تعلیمی نظام شدید متاثر اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے چند لوگوں کی وجہ سے ہم اپنی آنے والی نسل کا نقصان کیوں کر رہے ہیں؟

یہ بات انہوں ںے راولاکوٹ میں میڈیا کے نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے راولاکوٹ کے مسائل کے عملی حل اور زمینی حقائق کا جائزہ لینے کے لیے وہاں کا دورہ کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ کے عوام نے تحریک آزادیِ کشمیر کی تاریخ میں بے پناہ اور قابل قدرقربانیاں دی ہیں، گزشتہ چارانتخابات میں عوام نے کبھی متعصبانہ گفتگو نہیں کی بلکہ تعمیراتی اور علاقے کی بہتری کے مطالبے کیے، راولاکوٹ میں نقل وحرکت متاثر ہونے کے باعث تعلیمی نظام شدید متاثر اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے چند لوگوں کی وجہ سے ہم اپنی آنے والی نسل کا نقصان کیوں کر رہے ہیں؟

انہوں ںے کہا کہ ریاست کو نقصان پہنچانے والا کوئی بھی عمل  بہتری کے لیے نہیں ہو سکتا، تین گھنٹے فائرنگ کرنے والے عناصر پُرامن احتجاج کا دعویٰ کیسے کر سکتے ہیں؟ جو عناصر بچوں کے اسکولوں اور مریضوں کے اسپتالوں تک رسائی میں رکاوٹ ڈالیں، ان کی تحریک پُرامن نہیں ہو سکتی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ  کشمیر میں گورننس کا کوئی بھی مسئلہ اس حد تک سنگین نہیں کہ اس کے لیے امن و امان خراب کیا جائے، راولاکوٹ کے عوام پرامن رہیں، حکومت علاقے کی بہتری کے لیے پُرعزم ہے۔