حکومت کا کے پی میں زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کا فیصلہ

یہ فیصلہ خیبرپختونخوا کیلیے کیا گیا، عوام حکومتی اعتماد کا مثبت جواب دیں اور بروقت بل ادا کریں، وفاقی وزیر


ضیغم نقوی November 03, 2026

حکومت نے خیبرپختونخوا کے عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلیے زیادہ نقصانات اور طویل لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خیبر پختونخوا کے توانائی مسائل کے حل کے لیے پاور ڈویژن میں اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر فخر عالم عرفان اور اعلیٰ حکام بھی شرکت ہوئے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی درخواست کی جس کو حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے خیرسگالی کے طور پر قبول کیا اور زیادہ نقصانات، طویل لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ عوام حکومتی اعتماد کا مثبت جواب دیں اور بروقت بل ادا کریں، بجلی کے واجبات کی ادائیگی اور چوری کا خاتمہ بلا تعطل ترسیل کے لیے ناگزیر ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم (اے پی ایم ایس) نافذ کیا جا رہا ہے، اے پی ایم ایس کے تحت پورے فیڈر کو بند کرنے کا روایتی طریقہ ختم ہو جائے گا جبکہ نئے سسٹم کے تحت ٹرانسفارمرز پر لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا کے عوام کو پائیدار ریلیف دینے کے لیے وفاق اور صوبائی قیادت کا رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔