حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 4 نومبر 2026 کے لیے ہوگا


ضیغم نقوی November 03, 2026
فوٹو فائل

حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کردی اور آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے جاری کیے گئے طریقہ کار کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل کردیا گیا ہے۔

حکومت نے پیٹرول فی لیٹر 5 روپے 45 پیسے سستا کرتے ہوئے فی لیٹر قیمت 369 روپے 6 پیسے مقرر کی ہے جبکہ گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت 374 روپے 51 پیسے مقرر کی گئی تھی۔

اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 68 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی  ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 391 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت گزشتہ روز 395 روپے 20 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 4 نومبر 2026 کے لیے ہوگا۔