واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسرائیل کو سالانہ اربوں ڈالر کی امداد بند کرنے کے منصوبے سے متعلق بیان پر امریکی سیاست میں ردعمل سامنے آیا ہے۔
ڈیموکریٹ رکن کانگریس رو کھنہ نے ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈیموکریٹس کی ممکنہ انتخابی کامیابی سے خوف زدہ ہیں۔
رو کھنہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ٹرمپ کا اسرائیل کی مالی امداد روکنے کا اعلان ظاہر کرتا ہے کہ وہ ’بلیو سونامی‘ کو روکنے کے لیے بے چین ہیں۔ امریکی سیاست میں ’بلیو سونامی‘ کی اصطلاح ڈیموکریٹس کی بڑی انتخابی کامیابی کے امکان کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
رو کھنہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ڈیموکریٹک پارٹی کے روایتی رہنماؤں نے، جو دو مرتبہ ٹرمپ سے انتخابی شکست کھا چکے ہیں، ماضی میں اسرائیل کی امداد روکنے کے مطالبے کو بہت سخت مؤقف قرار دیا تھا۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب ٹرمپ نے خود یہ راستہ دکھا دیا ہے۔ رو کھنہ نے اپنی پوسٹ میں اسرائیل پر تنقید کرنے والے ڈیموکریٹ رہنماؤں برنی سینڈرز اور زہران ممدانی کو بھی ٹیگ کیا۔
ٹرمپ کے بیان اور رو کھنہ کے ردعمل نے اسرائیل کے لیے امریکی امداد اور اس معاملے پر ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر جاری اختلافات کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔