ریاض: امریکی سفارت خانے نے سعودی عرب میں سکیورٹی الرٹ دوبارہ جاری کرتے ہوئے غیر ہنگامی سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو حفاظتی خدشات کے پیش نظر ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔
امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے شہری ہوائی اڈوں اور دیگر اہم تنصیبات پر حملوں کے باعث سکیورٹی خطرات بڑھ گئے ہیں۔
سفارت خانے کے مطابق ان حملوں میں شہری ہلاکتیں ہوئی ہیں اور سفری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ صورت حال تیزی سے مزید سنگین ہوسکتی ہے۔
امریکی سفارت خانے نے اپنے سرکاری ملازمین کے لیے سعودی عرب کے اندر نقل و حرکت سے متعلق پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔
ہدایت کے مطابق امریکی سرکاری ملازمین کو سعودی عرب کے کسی بھی ہوائی اڈے کے استعمال کے لیے امریکی چیف آف مشن سے خصوصی اجازت لینا ہوگی۔ اس کے علاوہ انہیں یمن کی سرحد سے 20 میل کے اندر سفر کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔
سفارت خانے کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عملے اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔