کراچی میں پولیس کے مبینہ 5 مقابلے، موٹر سائیکل لفٹر ہلاک، 7 زخمی سمیت 11 ملزمان گرفتار

گرفتار اور ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد


اسٹاف رپورٹر November 04, 2026

کراچی:

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے پانچ مبینہ مقابلوں کے دوران ایک موٹر سائیکل لفٹر کو ہلاک اور 7 زخمیوں سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے گرفتار اور ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی۔

تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اتوار بازار کلفٹن بلاک 2 کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 40 سالہ منظور احمد ولد محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

شارع نورجہاں پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی، ٹینکی گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو زخمیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عمران خان کے ترجمان کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت 35 سالہ فیض عالم ولد محفوظ عالم اور 52 سالہ ذوالفقار بہاول کے نام سے ہوئی، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان نے اپنے نام عبدالوحید ولد محمد ساجد اور کاظم ولد فرید میاں بتائے۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور دو موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بین الصوبائی موٹرسائیکل لفٹنگ گینگ کے کارندے ہیں اور شہر میں درجنوں موٹرسائیکلیں چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

گزری پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ڈیفنس فیز 7 میں عائشہ مسجد کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 35 سالہ محمد احمد عرف راجہ ولد محمد طفیل اور 40 سالہ کاشف علی عرف بانا ولد غلام حیدر کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جوہرآباد پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب فیڈرل بی ایریا بلاک 15 میں ریاض آٹوز کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد نعمان ولد اعجاز اور علی ولد محمد منہاج کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی پولیس پارٹی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب بغدادی کے علاقے موسیٰ لین میں میرا پیر مزار کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت 25 سالہ سید اعزاز حسین شاہ ولد سید طاہر حسین شاہ کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور بغدادی تھانے کی حدود سے چوری کی گئی موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں موٹرسائیکل لفٹنگ سمیت دیگر نوعیت کے متعدد مقدمات درج تھے۔ لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دی گئی۔

 نیوکراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب سیکٹر 5/B میں صدیق آباد قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 25 سالہ فرید احمد ولد عبدالمجید اور 24 سالہ فراز ولد بخت زادہ کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔