لیبیا سے ڈی پورٹ ہو کر اسلام آباد آنے والے 12 پاکستانی شہریوں کے خلاف مقدمہ درج

شہریوں کو مختلف ایجنٹوں نے ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر بیرون ملک بھیجا تھا


ویب ڈیسک November 04, 2026

راولپنڈی:

لیبیا سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے 12 پاکستانی شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے تمام شہریوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی منتقل کیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شہریوں کو مبینہ طور پر مختلف ایجنٹوں نے بیرونِ ملک ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر وزٹ اور عمرہ ویزوں پر پاکستان سے دبئی اور مصر کے راستے لیبیا بھجوایا۔

ایف آئی اے کے مطابق لیبیا سے انہیں کشتیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر اٹلی منتقل کرنے کی کوشش کی گئی۔ مقدمے میں مختلف ایجنٹوں پر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرنے اور انہیں غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مقدمے میں محمد عدنان حیدر، محمد جمال، نبیل احمد، ثاقب شبیر، محمد فیضان، سجاد محمود، محمد اخلاق، محمد انیس، روحیل تعمیر، رحمان خالد، ثاقب علی اور عارف حسین نامزد ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق دیگر ملوث افراد کے کردار کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا جبکہ مقدمے کی تفتیش انسپکٹر محمد عبداللہ کیانی کر رہے ہیں۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔