اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاکستانی سِم کے بغیر بینک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت متعارف

اہل پاکستانی بغیر پاکستانی موبائل نمبر یا بینک برانچ جائے، ڈیجیٹل طور پر پاکستان میں بینک اکاؤنٹ کھول اور چلا سکیں گے


اسٹاف رپورٹر November 04, 2026
لانچوں پر جتنے پیسے باہر گئے ہیں، وہ واپس کر دیں فوجداری کیس ختم ہو جائیں گے، چیف جسٹس فوٹو:فائل

کراچی:

جے ایس بینک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم زندگی نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ’زندگی اوورسیز اکاؤنٹس‘ متعارف کرادیا جس کے ذریعے اہل پاکستانی بغیر پاکستانی موبائل نمبر یا بینک برانچ جائے، ڈیجیٹل طور پر پاکستان میں بینک اکاؤنٹ کھول اور چلا سکیں گے۔

صارفین اپنے بین الاقوامی واٹس ایپ نمبرز کے ذریعے رجسٹریشن کرا کے IBAN کا حامل باقاعدہ بینک اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔ زندگی ایپ کے ذریعے وہ اہلِ خانہ کی مالی معاونت، یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی اور پاکستان میں رقوم کی منتقلی سمیت دیگر مالی معاملات بھی انجام دے سکیں گے۔

یہ سہولت پاکستان اوریجن کارڈ، نائیکوپ یا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ رکھنے والے اہل پاکستانیوں کے لیے دستیاب ہے۔ صارفین متعلقہ ضوابط کے مطابق نان ریزیڈنٹ اکاؤنٹ ریپیٹری ایبل یا نان ریزیڈنٹ اکاؤنٹ نان ریپیٹری ایبل میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

زندگی کے شریک بانی اور چیف آفیسر نعمان اظہر نے کہا کہ اوورسیز اکاؤنٹس کا اجرا ہر پاکستانی کے لیے بینکاری کو آسان اور قابلِ رسائی بنانے کے ادارے کے وژن کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق جغرافیائی سرحدیں مالی خدمات تک رسائی میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں اور یہ سہولت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن سے مالی طور پر منسلک رکھنے میں مدد دے گی۔۔