‏چوہدری سالک کا کرپشن پر بیان مستقبل کے کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ تو سمجھ میں آتا ہے، خواجہ آصف

کرپشن ہمارے معاشرہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے چوہدری سالک کا پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان میری سمجھ سے باہر ہے، وزیردفاع


عامر الیاس رانا November 04, 2026
فوٹو: فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے عائد کیے الزامات پر ردعمل میں کہا ہے کہ ان کا بیان میری سیاسی سمجھ سے باہر ہے لیکن اگر یہ مستقبل کے کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے تو سمجھ میں آتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری سالک میرے لیے بہت محترم ہیں، ان کے بزرگوں  کا مجھے اپنے بزرگوں جیسا احترام ہے لیکن ‏ان کا پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان میری ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور یہ تمام مرکزی اور صوبائی سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ملک کو اس لعنت سے پاک کیا جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری صاحب ماشا اللہ مرکزی اور صوبائی دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں، دونوں حکومتوں کی قیادت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے، مل کر جہاد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‏اگر یہ بیان مستقبل کے کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے کہ مریم نواز کی حکومت کو ٹارگٹ کرکے پنجاب و وفاق میں اپنے لیے جگہ بنائی جائے اور سیاسی مستقبل محفوظ کیا جائے تو پھر سمجھ آتا ہے۔

وزیردفاع نے کہا کہ ‏مریم نواز جس طرح پنجاب کے شہروں اور دیہات کی خدمت کر رہی ہیں اور حکومت پنجاب خدمت کے جو نئے معیار قائم کررہی ہے، اس سے مخالفین کے لیے چیلنج بہت مشکل ہوگا۔

نوٹس کا بھرپور جواب دیں گے، سالک حسین

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو  کے دوران بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے لیگل نوٹس کا ابھی سنا ہی ہے مل جائے تو پھر دیکھ لیتے ہیں اور ان شااللہ لیگل نوٹس کا بھرپور جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی سی تعیناتی سے متعلق الزام  بالکل من گھڑت ہے، کرپشن سے متعلق بیان میرا ذاتی ہے، میں نے اپنے بھائی سے انٹرویو دینے سے پہلے یا بعد میں کوئی بات نہیں کی۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ دو دن پہلے ان کا بیان نکال لیں انہوں نے خود تسلیم کیا ہے کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے۔