مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ، قریبی ساتھیوں کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری، آمدن چھپانے کی شکایت بھی جمع

فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی افراد کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے درخواست موصول ہوئی ہے


خالد محمود November 05, 2026

مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری اور آمدن چھپانے کی شکایت ایف بی آر میں جمع کرادی گئی۔

ایف بی آر کو فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی افراد کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے درخواست موصول ہوئی ہے، سینیٹر کامران مرتضیٰ، لطف الرحمان، ضیاء الرحمان، اسعد محمود اور ابرار احمد خان کے خلاف ٹیکس چوری کی شکایت جمع کرائی گئی ہے۔

ایف بی آر کو جمع کرائی گئی شکایت میں پانچ افراد کے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس اور ذرائع آمدن کی جانچ کا مطالبہ کیا گیا ہے، شکایت گزار نے سینیٹر کامران مرتضیٰ کے متعدد ملکی اور غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کی مالی سرگرمیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

لطف الرحمان کے مختلف بینکوں میں موجود اکاؤنٹس اور کاروباری سرگرمیوں کی ٹیکس قوانین کے تحت جانچ کی درخواست کی گئی ہے، ضیاء الرحمان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں مبینہ غیر واضح رقوم کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اسعد محمود کے مختلف بینک اکاؤنٹس کی جانچ کرکے ممکنہ ٹیکس چوری کی حقیقت معلوم کرنے کی درخواست کی گئی ہے، ابرار احمد خان کے بینک اکاؤنٹس، ٹریول اینڈ ٹورز کاروبار اور متعلقہ مالی معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شکایت میں مختلف فلاحی، تعلیمی اور کاروباری اداروں سے منسلک مالی لین دین کی بھی چھان بین کرنے کی درخواست کی گئی ہے، ایف بی آر سے متعلقہ افراد کے اثاثوں، ٹیکس گوشواروں اور بینک ٹرانزیکشنز کا تقابلی جائزہ لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شکایت گزار نے مبینہ غیر ظاہر شدہ آمدن اور مشتبہ مالی لین دین کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے، فضل الرحمان کے اہل خانہ اور دیگر نامزد افراد کے خلاف مالی الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ ایف بی آر تک پہنچ گیا ہے۔