فرانس کے بلڈ بینک پر سائبر حملہ، خون کی تمام مصنوعات محفوظ

حملے کے دوران کولڈ اسٹوریج رومز کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے والے نظام متاثر ہوئے


ویب ڈیسک November 05, 2026

فرانس میں قومی بلڈ بینک کے زیرِاستعمال خون اور پلازما محفوظ رکھنے والے کولڈ اسٹوریج سسٹمز کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا.

تاہم بروقت کارروائی کے باعث خون کی کسی بھی مصنوعات یا نمونے کو نقصان نہیں پہنچا۔

فرانسیسی حکام کے مطابق سائبر حملہ 2 نومبر 2026ء کو ملک کے تین مقامات پر قائم پلازما ذخیرہ کرنے کی سہولتوں پر ہوا۔ ہیکرز نے ریفریجریشن سسٹمز کی درجہ حرارت اور برف پگھلانے سے متعلق ترتیبات تبدیل کرکے درجہ حرارت انتہائی بلند سطح تک پہنچانے کی کوشش کی۔

فرانس کے قومی ادارے برائے خون نے بتایا کہ اس حملے کے دوران کولڈ اسٹوریج رومز کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے والے نظام متاثر ہوئے۔

ادارے کے خودکار نگرانی اور الارم سسٹم نے فوری طور پر غیر معمولی تبدیلیوں کی نشاندہی کردی، جس کے بعد عملے نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے پلازما کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا یا اس کی حفاظت یقینی بنائی۔

رپورٹس کے مطابق متاثرہ مراکز میں خون کی منتقلی کے لیے استعمال ہونے والے پلازما کے تھیلے اور ادویات کی تیاری میں کام آنے والا پلازما محفوظ کیا جاتا تھا۔

فرانسیسی بلڈ بینک نے تصدیق کی ہے کہ حملے کے نتیجے میں کسی خون کی مصنوعات کا نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی مریض کی صحت کو خطرہ لاحق ہوا۔