مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں تصاویر تیار کرنے کے حوالے سے ایک نئی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین تحریری ہدایات یا اپنی اپ لوڈ کردہ تصاویر کی مدد سے متحرک GIF بنا سکیں گے۔ اس فیچر کے لیے اوپن اے آئی نے نیا امیج جنریشن ماڈل ’امیجز 2.6‘ متعارف کرایا ہے۔
نئے ماڈل کی مدد سے کسی ساکت تصویر کو حرکت دی جاسکے گی۔ صارف اپنی تصویر اپ لوڈ کرکے تحریری طور پر بتا سکے گا کہ اسے کس انداز میں متحرک کرنا ہے، جس کے بعد چیٹ جی پی ٹی اسے GIF کی شکل میں تیار کرے گا۔ اگر صارف کسی موجودہ تصویر کے بجائے اپنے ذہن میں موجود منظر کو متحرک کرنا چاہے تو وہ اس کی تفصیل لکھ کر بھی تصویر تیار کراسکتا ہے۔
تیار ہونے والی متحرک تصویر میں پلے بیک اسپیڈ سمیت دیگر تبدیلیوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس طرح GIF بنانے کے لیے الگ ٹول استعمال کرنے کی ضرورت کم ہوسکتی ہے اور یہ کام براہِ راست چیٹ جی پی ٹی میں تحریری ہدایات کے ذریعے انجام دیا جاسکے گا۔
اوپن اے آئی کے مطابق نیا امیج جنریشن ماڈل صرف متحرک تصاویر بنانے تک محدود نہیں بلکہ ساکت تصاویر بھی پہلے سے زیادہ تیزی سے تیار کرسکتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ پرانے ماڈل کے مقابلے میں 50 فیصد تیز ہے۔ اس سہولت کو دنیا بھر کے صارفین کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے اور اسے استعمال کرنے کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنا ضروری نہیں ہوگی۔