سونے کی قیمت میں دوسرے روز بھی بہت بڑا اضافہ

سونے کی قیمت میں گزشتہ روز فی تولہ 14 ہزار روپے کا اضافہ ہوا تھا


اسٹاف رپورٹر November 05, 2026

کراچی:

ملکی سطح پر سونے کی فی تولہ قیمت میں گزشتہ روز 14 ہزار روپے اضافے کے بعد آج پھر فی تولہ 9600 کا اضافہ ہوگیا۔

ٹرمپ کی شکست پر قیمتی دھاتوں کی عالمی مارکیٹوں میں تیزی کی صورت میں خیرمقدم کیا جارہا ہے، سونے اور چاندی کے بڑھتے ہوئے کاروباری معاہدوں کے باعث عالمی و مقامی بازاروں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا رحجان برقرار ہے۔

آج بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید 96ڈالر کے بڑے نوعیت کے اضافے سے 4ہزار 131ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوئے۔

ملکی بازار میں جمعرات کو فی تولہ سونے کی قیمت یک دم 9 ہزار 600 روپے کے بڑے اضافے سے 4لاکھ 35 ہزار 636روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 8ہزار 230 روپے کے اضافے سے 3لاکھ 73 ہزار 487روپے کی سطح پر آگئی۔

اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 1 ڈالر کے اضافے سے 52ڈالر 85سینٹس کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 100روپے کے اضافے سے 5ہزار 763روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 85روپے کے اضافے سے 4ہزار 940روپے کی سطح پر آگئی۔۔