اعظم خان کی بابر اعظم کے مداحوں پر تنقید، فینز کو جاہل قرار دے دیا

اعظم خان نے بتایا کہ اب مداحوں کی جانب سے ہونے والی تنقید انہیں پہلے کی طرح متاثر نہیں کرتی


ویب ڈیسک November 05, 2026

پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے بابر اعظم کے بعض مداحوں کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے ان کے فینز کو جاہل قرار دے دیا۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان نے بتایا کہ آئرلینڈ میں ایک انٹرنیشنل میچ کے دوران میں بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ کر رہاتھا اور بابر 75 رنز کے قریب تھے، اعظم خان نے بتایا کہ اسی دوران ایک مداح نے میری انسٹاگرام تصویر پر نامناسب تبصرہ کیا۔

اعظم خان نے بتایا کہ مداح نے  نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ اگر میں نے بابراعظم کی سنچری مکمل نہ ہونے دی تو آپ کی والدہ مرجائے گی اور آپ کے والد کو کینسر ہوجائے گا۔

اعظم خان کا کہنا تھا کہ انہیں بابر اعظم یا ان کی بیٹنگ سے کوئی مسئلہ نہیں، تاہم بعض کرکٹرز کے مداحوں کا رویہ انتہائی نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تبصروں کے بعد کھلاڑی مداحوں کے بارے میں کیا سوچیں گے؟

اعظم خان اور بابر اعظم 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ اعظم خان نے بتایا کہ اب مداحوں کی جانب سے ہونے والی تنقید انہیں پہلے کی طرح متاثر نہیں کرتی۔