نیتن یاہو کے اقتدار کا سورج بھی غروب؟ عرب جماعتوں کا اتحاد کنگ میکر بن گیا

اسرائیل میں عرب اتحاد کی حمایت سے گادی آئزنکوٹ کو 120 رکنی پارلیمان کے 67 ارکان کی سفارشات حاصل ہوگئی


ویب ڈیسک November 05, 2026
اسرائیلی اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کو عرب جماعتوں کے اتحاد جوائنٹ لسٹ کی حمایت حاصل ہوگئی۔

اسرائیل میں عرب جماعتوں کے اتحاد جوائنٹ لسٹ نے بھی آئزنکوٹ کو وزیرِاعظم بنانے کی حمایت کردی جس کے بعد ان کے حق میں سفارش کرنے والے ارکان کی تعداد 67 ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تازہ پیش رفت کے بعد آئزنکوٹ کو 120 رکنی کنیسٹ کے 67 ارکان کی حمایت حاصل ہونے کی توقع ہے جو حکومت سازی کے لیے درکار 61 نشستوں سے زیادہ ہے۔

عرب جماعتوں کے اتحاد ’’جوائنٹ لسٹ‘‘ کے تینوں جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ وہ صدر اسحاق ہرزویگ کو آئزنکوٹ کو نیا وزیراعظم نامزد کرنے کی سفارش کریں گے۔

عرب جماعتوں کے اتحاد کا مزید کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوامی مطالبے کے پیش نظر کیا گیا تاکہ بنجمن نیتن یاہو اور ان کی حکومت کی دوبارہ اقتدار میں واپسی روکی جاسکے۔

جوائنٹ لسٹ کی اپوزیشن رہنما آئزنکوٹ کی حمایت سے نیتن یاہو کے مقابلے میں ان کی برتری مزید واضح ہوگی اور ایسی مشترکہ حکومت بننے کا امکان کم ہوسکتا ہے جس میں نیتن یاہو بھی اقتدار میں رہیں۔

واضح رہے کہ انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت اکثریت حاصل نہیں کرسکی جس کے بعد اب اسرائیلی صدر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے کہ حکومت بنانے کی دعوت کس رہنما کو دی جائے۔