پاکپتن میں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان تصادم، 11 افراد جاں بحق، 33 زخمی

حادثہ مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے مسافر بس کی ٹکر کے باعث پیش آیا، ڈپٹی کمشنر


اسٹاف رپورٹر November 05, 2026

پنجاب کے ضلع پاکپتن میں مسافر اور بس کے درمیان خوفناک تصادم کے باعث 11 افراد جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکپتن میں دیالپور روڈ پر مسافر بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے باعث خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے بعد ریسکیو 1122 کے رضا کار، انتظامیہ کے ارکان موقع پر پہنچے۔

حادثے کے مقام سے اب تک 11 افراد کو مردہ حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 33 زخمی ڈی ایچ کیو بھیجے گئے جن میں سے کچھ کی حالت ناساز ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور مزید زخمی و اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دیالپور روڈ پر 17 ایس پی اسٹاپ کے قریب ملتان سے قصور جانے والی مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے بتایا کہ حادثے کی سنگینی کے پیش نظر ڈی ایچ کیو اسپتال پاکپتن میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اضافی ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہسپتال طلب کر لیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلی مریم نواز شریف نے پاکپتن کے قریب بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر پاکپتن اسپتال پہنچے اور انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

مریم نواز شریف افسوس ناک حادثے پر رپورٹ طلب کرلی۔