خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت فتنۃ الخوارج کے دو کارندے ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
لکی مروت پولیس کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ کالے شیشوں والی ایک کار گنڈی چوک کے مقام پر دیکھی گئی ہے، جس کے بعد مقامی پولیس کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچی، پولیس کو دیکھتے ہی موٹر کار میں سوار مشتبہ دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس پر فائرنگ کی۔
کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ پولیس پارٹی نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں مشکوک کار میں سوار خودکش بمبار سمیت دو خوارجی ہلاک ہوگئے اور ایک زخمی خوارجی فرار ہوگیا جس کا تعاقب جاری ہے۔
پولیس نے جائے وقوع پر دہشت گردوں کی موٹر کار سے اسلحہ، کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کا جھنڈا، خواتین کے برقعے اور دیگر مشکوک اشیا برآمد کرلی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر برآمد ہونے والے سامان کی نوعیت کے پیش نظر دہشت گردوں کے ممکنہ مذموم عزائم کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور قیاس ہے کہ دہشت گرد کسی بڑی تخریب کاری کے لیے جا رہے تھے جنہیں بروقت کارروائی سے روکا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے، علاقے میں سرچ آپریشن اور نگرانی کا عمل جاری ہے، ہلاک ہونے والے خوارجیوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر ان کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فوری کارروائی سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرنے والے لکی پولیس کے بہادروں کو خصوصی شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم پولیس کے جوان قوم کے ہیروز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔