ابوظبی ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کی راہ ہموار ہوگئی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور لیگ منتظمین کے درمیان این او سی کے معاملے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیگ منتظمین این او سی کے بدلے پی سی بی کو 2 لاکھ ڈالر تک معاوضہ اور دیگر سہولیات فراہم کریں گے۔ فرنچائزز اور قومی کھلاڑیوں نے لیگ میں شرکت کے لیے پی سی بی سے این او سی جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائزز اور کھلاڑیوں کی درخواست پر پی سی بی نے معاملے کا ہمدردانہ جائزہ لیا، جس کے بعد فریقین کے درمیان معاملات طے پاگئے۔
فخر زمان، نسیم شاہ اور فہیم اشرف سمیت تقریباً 15 پاکستانی کرکٹرز کے ابوظبی ٹی 10 لیگ کی مختلف فرنچائزز کے ساتھ معاہدے ہیں۔ معاملات طے پانے کے بعد ان کھلاڑیوں کو این او سی ملنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔