کرسٹیانو رونالڈو کی انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی اور آئی پی ایل چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) نے بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آر سی بی نے سوشل میڈیا پر رونالڈو کے شاندار کیریئر کو سراہتے ہوئے لکھا کہ مڈیرا کا ایک چھوٹا لڑکا محنت اور خود اعتمادی کے ذریعے عالمی آئیکون بن گیا۔ فرنچائز نے پرتگال کے لیے ان کی خدمات اور شائقین کو برسوں تک بہترین کھیل سے محظوظ کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
آر سی بی کے پیغام میں ویرات کوہلی کے وہ الفاظ بھی شامل کیے گئے جو انہوں نے 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال کے مراکش کے ہاتھوں شکست کے بعد رونالڈو کے لیے کہے تھے۔ کوہلی نے انہیں کھیلوں کی دنیا کے لیے حقیقی مثال قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ان کے نزدیک رونالڈو عظیم ترین کھلاڑی ہیں۔
رونالڈو نے 23 سالہ انٹرنیشنل کیریئر کے دوران پرتگال کی جانب سے ریکارڈ 234 میچز کھیلے اور 146 گول اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں پرتگال نے 2016 میں یورپیئن چیمپئن شپ جبکہ 2019 اور 2025 میں یوئیفا نیشنز لیگ جیتی۔