فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کے لیے آئی آر آئی ایس سسٹم میں نئی سہولت متعارف کرا دی۔
ایف بی آر کی نئی سہولت کے مطابق اب 72 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی الیکٹرونک سیلز ٹیکس انوائس میں ترمیم ممکن ہوگی، مقررہ مدت گزرنے کے بعد سیلز ٹیکس انوائس منسوخ کرانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
انوائس میں ترمیم یا منسوخی کے لیے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی قبل از وقت منظوری لازمی قرار دیا گیا ہے، پرال نے نئی سہولت کے استعمال سے متعلق صارف رہنما کتابچہ جاری کردیا۔
ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے ترمیم یا منسوخی کی درخواست جمع کراسکیں گے، انوائس کی درستی کے لیے متعلقہ دستاویزات پی ڈی ایف فارمیٹ میں منسلک کرنے کی سہولت ہے، ایک ہی درخواست میں ترمیم اور منسوخی کے لیے منتخب انوائسز پر الگ الگ کارروائی ممکن نہیں ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق درخواست پر فیصلہ ہونے تک سیلز ٹیکس ریٹرن کا اینکسچر سی جمع کرانے پر پابندی ہوگی، کمشنر ان لینڈ ریونیو کی منظوری کے بعد ترمیم شدہ انوائسز اینکسچر سی میں شامل کی جاسکیں گی، درخواست مسترد ہونے پر اصل انوائسز اینکسچر سی میں شامل ہوں گی۔
مزید بتایا گیا کہ پہلے سے ریٹرن کے اینکسچر سی سے منسلک انوائسز پر نئی سہولت لاگو نہیں ہوگی، مسترد یا زیرالتوا درخواستوں میں شامل انوائسز دوبارہ نئی درخواست کا حصہ نہیں بن سکیں گی۔
ایف بی آر نے نئی سہولت سے 72 گھنٹے بعد انوائسز کی درستی اور منسوخی کا باضابطہ طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔