ریاستوں کی عظمت کا پیمانہ محض ان کے اسلحہ خانوں، معاشی وسائل، عسکری قوت اور عالمی سفارتی اثرورسوخ سے متعین نہیں ہوتا، بلکہ اس کا اصل امتحان اس وقت سامنے آتا ہے جب اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھا کوئی طاقتور حکمران عوامی فیصلے کے سامنے سرنگوں ہونے پر مجبور ہو۔ امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج نے ایک مرتبہ پھر اسی حقیقت کو آشکار کیا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی عالمی طاقت ہونے کے باوجود امریکا میں صدر کی سیاسی حیثیت عوامی احتساب سے بالاتر نہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں ریپبلکن جماعت کو جس غیر معمولی انتخابی پسپائی کا سامنا کرنا پڑا، وہ محض چند نشستوں کی شکست نہیں بلکہ ان پالیسیوں کے خلاف عوامی فیصلہ ہے جنھوں نے امریکی معاشرے میں معاشی بے چینی، سیاسی اضطراب اور بین الاقوامی سطح پر غیر یقینی صورتِ حال کو جنم دیا۔
ڈیموکریٹس کی تاریخی کامیابی نے امریکی سیاسی منظرنامے میں طاقت کا توازن تبدیل کرنے کے ساتھ وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان ایک نئے آئینی و سیاسی معرکے کے امکانات بھی پیدا کر دیے ہیں۔ اب بنیادی سوال یہ نہیں کہ ٹرمپ اپنا اقتدار بچانے میں کامیاب رہیں گے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ کیا وہ اپنی متنازع پالیسیوں کو اب بھی اسی قوت کے ساتھ جاری رکھ سکیں گے جس کا اظہار گزشتہ دو برسوں میں کرتے رہے ہیں؟
امریکی انتخابات کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ رائے دہندگان نے داخلی معیشت اور خارجہ پالیسی کو ایک دوسرے سے الگ کرکے نہیں دیکھا۔ ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی جنگ، اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی علاقائی کشیدگی، توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی مہنگائی نے امریکی ووٹر کے فیصلے پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ کسی بھی جمہوری معاشرے میں خارجہ پالیسی اس وقت عوام کی توجہ سے محفوظ نہیں رہ سکتی جب اس کے اثرات شہریوں کے گھریلو بجٹ، روزگار اور معاشی تحفظ تک پہنچ جائیں۔ ٹرمپ نے انتخابی شکست کے بعد ایران کے خلاف کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے اسے درست فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ موقع ملتا تو وہ دوبارہ بھی یہی راستہ اختیار کرتے، تاہم ان کا یہ اعتراف بھی قابل توجہ ہے کہ جنگ نے ان کی جماعت کی انتخابی مشکلات میں اضافہ کیا۔ اس اعتراف سے واضح ہوتا ہے کہ طاقت ور ترین ریاست کا صدر بھی اپنی خارجہ پالیسی کے سیاسی نتائج سے بے نیاز نہیں رہ سکتا۔
ایران جنگ کے خلاف امریکی عوام کی ناراضی محض ایک عسکری کارروائی کی مخالفت نہیں بلکہ اس بنیادی سوال کا اظہار ہے کہ امریکی قومی مفادات کا تعین کس کے ہاتھ میں ہونا چاہیے؟ کیا بیرون ملک جنگوں میں الجھنا امریکی عوام کی معاشی ضروریات سے زیادہ اہم ہے یا واشنگٹن کی اولین ذمے داری اپنے شہریوں کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی عدم تحفظ سے نجات دلانا ہے؟ ڈیموکریٹک قیادت نے اسی عوامی اضطراب کو اپنی انتخابی مہم کا محور بنایا۔ حکیم جیفریز نے نئی کانگریس کے فعال ہونے سے قبل ایران جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرکے واضح کردیا ہے کہ حزبِ اختلاف اب محض تنقید پر اکتفا نہیں کرے گی بلکہ انتظامیہ کو پالیسیوں کے معاملے میں جواب دہ بنانے کی کوشش کرے گی۔ روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں کمی اور عام امریکی خاندانوں کو معاشی سہولت فراہم کرنا بھی اس کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔
انتخابی نتائج کی ایک غیر معمولی جہت امریکی سیاست میں سماجی و نسلی تنوع کی بڑھتی ہوئی نمائندگی ہے۔ عبدالرحمان السید کی سینیٹ تک رسائی، الہان عمر کی مسلسل کامیابی اور مختلف ریاستوں میں سیاہ فام سیاسی قیادت کا ابھرنا، اس امر کی علامت ہے کہ امریکی انتخابی سیاست روایتی سیاسی شناختوں سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ڈیموکریٹک جماعت کی کامیابی میں ان طبقات کی شرکت بھی اہم رہی ہے جو معاشی مساوات، شہری حقوق اور سیاسی نمائندگی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتے ہیں۔ یہ تبدیلی اس تصور کو تقویت دیتی ہے کہ جمہوریت کی حقیقی قوت اسی وقت بڑھتی ہے جب مختلف نسلی، مذہبی اور سماجی پس منظر رکھنے والے شہریوں کو اقتدار کے فیصلہ ساز اداروں تک رسائی حاصل ہو۔ انتخابی کامیابی کا یہ پہلو امریکا کے داخلی سیاسی مستقبل کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔
تاہم ڈیموکریٹس کی فتح کو ٹرمپ کی فوری رخصتی یا مواخذے کے ذریعے اقتدار سے بے دخلی کا مترادف سمجھنا سیاسی حقیقتوں سے صرفِ نظر ہوگا۔ امریکی آئین میں مواخذے کا طریقہ کار واضح اور دو مراحل پر مشتمل ہے۔ ایوانِ نمائندگان صدر کے خلاف الزامات کی منظوری دے سکتا ہے، لیکن عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ میں دو تہائی اکثریت ضروری ہے، اگر ایوان کے تمام سو ارکان موجود ہوں تو کم از کم سڑسٹھ ووٹ درکار ہوں گے۔ چنانچہ حزبِ اختلاف کے لیے محض موجودہ عددی برتری کافی نہیں، اسے دوسری جماعت کے ارکان کی حمایت بھی حاصل کرنا ہوگی۔ اس آئینی بندوبست کا مقصد یہ ہے کہ صدر کو محض وقتی سیاسی مخالفت یا جماعتی اکثریت کے بل پر منصب سے محروم نہ کیا جا سکے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈیموکریٹس کے لیے زیادہ موثر راستہ قانون سازی، پارلیمانی نگرانی، تحقیقاتی کمیٹیوں اور انتظامی فیصلوں کے احتساب کے ذریعے ٹرمپ کی پالیسیوں پر قدغن لگانا ہوگا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان تصادم کے امکانات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ڈیموکریٹس بجٹ، دفاعی اخراجات، خارجہ پالیسی اور انتظامی اختیارات کے استعمال پر سوالات اٹھائیں گے، جب کہ ٹرمپ صدارتی ویٹو اور ایگزیکٹو احکامات کے ذریعے اپنی ترجیحات کا تحفظ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ نتیجتاً قانون سازی میں تعطل، عدالتی چارہ جوئی اور سیاسی کشمکش میں شدت کا امکان موجود ہے۔ تاہم امریکی آئینی نظام کی خوبی یہ ہے کہ اختلافات کو ادارہ جاتی حدود میں رکھنے کے لیے اختیارات کی تقسیم، عدلیہ کی نگرانی اور پارلیمانی احتساب کے متعدد راستے موجود ہیں۔ وہاں صدر کی جماعت کو شکست ہو تو اسے انتخابی نظام کی ناکامی قرار دینے کے بجائے اپنی پالیسیوں کا جائزہ لینے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ یہی سیاسی بلوغت جمہوری نظام کو شخصیات کی محتاجی سے محفوظ رکھتی ہے۔
یہاں امریکی نظامِ حکومت کا وہ پہلو بھی قابلِ غور ہے جس کا تعلق اس کی عالمی برتری سے ہے۔ امریکا کی عسکری قوت، جدید ٹیکنالوجی، معاشی وسائل اور عالمی مالیاتی اثرورسوخ اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن ان تمام عوامل کے پیچھے ایک مضبوط ریاستی ڈھانچہ بھی کارفرما ہے۔ دنیا میں امریکی بالادستی کو چیلنج کرنے کی خواہش رکھنے والے چین اور روس جیسے ممالک کے باوجود کوئی ایسا مستحکم عالمی اتحاد سامنے نہیں آسکا جو واشنگٹن کی طاقت کا متبادل بن سکے۔ خلیجی کشیدگی اور ایران جنگ کے تناظر میں بھی ان دونوں طاقتوں کا کردار زیادہ تر سفارتی اور پس پردہ نوعیت کا رہا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی سیاست میں محض امریکی مخالف بیانات یا مذمتی قراردادیں کسی نئی طاقت کے ظہور کے لیے کافی نہیں ہوتیں۔ متبادل عالمی نظام کے لیے معاشی استعداد، عسکری قوت، ادارہ جاتی استحکام اور قابلِ اعتماد سیاسی نظم درکار ہوتا ہے۔
اس کے برعکس ترقی پذیر معاشروں میں سیاسی اختلاف اکثر دلیل کے بجائے الزام تراشی، کردار کشی اور تصادم کی نذر ہوجاتا ہے۔ انتخابی نتائج سامنے آئیں تو ہارنے والے فریق کی جانب سے نظام کی ساکھ پر سوالات اٹھنے لگتے ہیں، جب کہ جیتنے والے اپنی کامیابی کو غیر معمولی عوامی تائید کا نام دے کر مخالف آوازوں کو نظرانداز کرتے ہیں۔ پاکستان سمیت کئی ممالک کے لیے امریکی انتخابات کا سب سے اہم سبق یہی ہے کہ جمہوریت صرف ووٹ ڈالنے کا نام نہیں بلکہ ووٹ کی حرمت، انتخابی عمل کی شفافیت، اداروں کی غیر جانب داری اور نتائج کے احترام کا مجموعہ ہے۔ مضبوط جمہوریت میں اقتدار عوام کی امانت ہوتا ہے، کسی جماعت، خاندان یا فرد کی مستقل ملکیت نہیں۔
امریکی وسط مدتی انتخابات کا حاصل محض ریپبلکنز کی شکست اور ڈیموکریٹس کی فتح نہیں، بلکہ یہ حقیقت ہے کہ مضبوط ریاستیں اپنے حکمرانوں کو بھی قانون، اداروں اور عوامی فیصلے کے تابع رکھتی ہیں۔ عالمی قیادت کا دعویٰ کرنے والے ملک کے لیے داخلی جمہوری استحکام ناگزیر ہے۔ امریکا کی اصل قوت اس کے ایوانِ اقتدار میں بیٹھے کسی ایک شخص کی غیر معمولی حیثیت نہیں، بلکہ وہ نظام ہے جو اسی شخص کے اختیارات پر بھی آئینی حدود عائد کرسکتا ہے۔ دنیا کی سیاست میں بالادستی حاصل کرنے کے خواہش مند ممالک کو اس حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا کہ طاقت کا پائیدار سرچشمہ صرف عسکری برتری نہیں، بلکہ بااختیار عوام، آزاد ادارے، قانون کی حکمرانی اور قابل اعتبار انتخابی نظام بھی ہیں۔ جس ریاست میں ووٹر حکمران کی تقدیر بدل سکتا ہو، وہاں جمہوریت محض ایک سیاسی اصطلاح نہیں رہتی بلکہ قومی طاقت کا بنیادی ستون بن جاتی ہے، یہی امریکی انتخابات کا سب سے بڑا سبق ہے۔