ابن صفی کا زیرو لینڈ بہ مقابلہ اسپیکٹر

آئن فلیمنگ جب جیمز بانڈ کے لیے اسپیکٹر تخلیق کر رہے تھے توشاید اُن کے ذہن میں ایک بہت سادہ سی دنیا تھی۔


شیخ جابر November 06, 2026

آئن فلیمنگ جب جیمز بانڈ کے لیے اسپیکٹر تخلیق کر رہے تھے توشاید اُن کے ذہن میں ایک بہت سادہ سی دنیا تھی۔ بیسویں صدی کی چھٹی دہائی سرد جنگ عروج پر تھی، دنیا دو حصوں میں بٹی ہوئی تھی۔ اچھے اور برے کا فیصلہ آسان تھا۔ برا وہ ہے جو ماسکو میں بیٹھا ہے یا پھر کوئی گنجا بلی کو گود میں لیے ہوئے جزیرے پر بیٹھا دنیا کو تباہ کرنے کے منصوبے بنا رہا ہے۔ اسپیکٹر یعنی (اسپیشل ایگزیکٹیو فار کاؤنٹر انٹیلیجنس، ٹیررازم، ریونج اینڈ ایکسٹارشن) جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے، ایک ایسی تنظیم جو دہشت، انتقام اور بھتہ خوری کو اپنا کاروبار سمجھتی ہے۔

اس کا سربراہ ارنسٹ بلوفیلڈ ہے، جس کا چہرہ نہیں، بس ایک بلی اور ایک کرسی نظر آتی ہے،یہ ایک نوآبادیاتی خوف کا نام تھا۔ باہر سے کوئی آئے گا اور ہماری تہذیب کو تباہ کر دے گا۔فلیمنگ کا ’’شر‘‘ ہمیشہ باہر سے آتا ہے۔ یہ یورپ کی روایتی استعماری فکر کا عکاس تھا۔ ایک ایسا خارجی خطرہ جو ان کی منظم اور مہذب دنیا پر حملے کا منصوبہ بناتا ہے۔ فلیمنگ کے ہاں خوف کا مجسمہ مادی، جسمانی اور محض جغرافیائی تھا۔ایک ایٹم بم، ایک تباہ کن وائرس یا بلیک میلنگ۔ بانڈ کی گولی ولن کا بھیجا اڑا دیتی تھی اور نوآبادیاتی نظام کا ’’امن‘‘ بحال ہو جاتا تھا۔

 ٹھیک اسی زمانے میں، 1960 کے کراچی میں، ایک شخص جس کے پاس آئن فلیمنگ جتنا پیسہ تھا نہ ہالی وڈ جتنی سہولتیں، اپنے چھوٹے سے کمرے میں بیٹھا، (بلکہ شاید جھلنگا سی چارپائی پہ لیٹا،احمد بھائی ہی وضاحت کر سکیں گے ہمارے تخیل کے مطابق تو چارپائی ہی ہے) ایک دوسری دنیا تخلیق کر رہا تھا۔ ابن ِ صفی نے اس کا نام رکھا زیرو لینڈ۔’’زیرو لینڈ‘‘ محض کوئی مجرمانہ تنظیم یا مسلح گروہ نہیں تھا، وہ ایک غیر جغرافیائی ریاست کا جدید ترین ادراکی ماڈل تھا۔ زیرو لینڈ کا کوئی جغرافیائی نقشہ نہیں تھا، لیکن اس کا اپنا آئین، اپنا معاشی ڈھانچہ، اپنے سائنس دان، اور ایک پراسرار ’’لیڈر‘‘ تھا۔ فلیمنگ نے ولن کو سرحد پار سے بھیجا، جب کہ ابن ِ صفی نے یہ ادراک کر لیا تھا کہ جدید استعمار یا بدترین شر سرحدوں کو روند کر نہیں، بلکہ نظام کے اندر داخل ہو کر حکومت کرتا ہے۔

زیرو لینڈ کا اصول یہ تھا کہ وہ کسی ملک پر فوجیں نہیں بھیجتا، بلکہ اس ملک کے ریاستی ستونوں، صحافت، تعلیمی اداروں اور رائے عامہ کو خریدتا ہے۔ وہ طاقت کے مراکز کو معذور کر کے اور نئی نسل کے ذہنوں کو مسخ کر کے فتح حاصل کرتا ہے۔ فلیمنگ کا خوف ’’جسمانی‘‘ تھا؛ ابن ِ صفی کا خوف ’’ادراکی و نظریاتی‘‘ تھا۔ فلیمنگ کو ڈر تھا کہ شہر تباہ ہو جائیں گے، ابن ِ صفی کا گہرا خدشہ یہ تھا کہ انسان کا فکری وجود اور اس کی آزاد سوچ دم توڑ دے گی۔

اسی نکتے پر ابن ِ صفی آئن فلیمنگ سے نصف صدی آگے نظر آتے ہیں۔ ہالی ووڈ اور مغربی نظریاتی فکر کو جو بات سمجھنے میں اکیسویں صدی کے پہلے دو دہائے لگ گئے، ابن ِ صفی نے اسے 1960 کی دہائی میں رقم کر دیا تھا۔ آج دنیا کو کسی جزیرے پر بیٹھے بمبار کا خوف نہیں، بلکہ ہائبرڈ وارفیئر، ڈیٹا مائننگ، الگورتھم تسلط، سنسرشپ اور الیکشنز میں سائبر مداخلت نے گھیر رکھا ہے۔

اجارہ دار ملٹی نیشنل کارپوریشنز اور ’’ڈیپ اسٹیٹ‘‘ کا موجودہ تصور دراصل زیرو لینڈ ہی کی جدید تکنیکی تعبیر ہے۔ ’’جیسن بورن‘‘ سیریز کے ’’ٹریڈسٹون‘‘ پروگرام یا مشن امپوسیبل کا مصنوعی ذہانت کا حامل ’’دی اینٹیٹی‘‘ وہ مظاہر ہیں جن کا بنیادی سراغ ابن ِ صفی کے زیرو لینڈ کے تزویراتی فریم ورک میں ملتا ہے۔

شر کی جمالیات (ایستھیٹک اوف ایول) کا موازنہ بھی ابن ِ صفی کے فکری تفوق کو ثابت کرتا ہے۔ فلیمنگ کے ولن اکثر جسمانی طور پر معذور، بدصورت، مجنون یا عجیب الخلقت دکھائے گئے ،یہ ایک سطحی نفسیاتی مفروضہ تھا کہ برائی چہرے پر لکھی ہوتی ہے۔

اس کے برعکس، ابن صفی کا زیرو لینڈ انتہائی شائستہ، مہذب اور اعلیٰ ذوق کا حامل تھا۔ اس کے کارندے کلاسیکی موسیقی کے دل دادہ، انگریزی و لاطینی کلاسک کے شارح اور تہذیبی آداب سے آراستہ ہوتے تھے۔ ابن صفی اس انسانی نفسیات سے واقف تھے کہ حقیقی شر بدصورت نہیں ہوتا، وہ انتہائی دل کش اور شاندار روپ دھار کر آتا ہے تاکہ انسان اس کی ہیبت کے بجائے اس کے ظاہری رعب سے مرعوب ہو جائے۔

زیرو لینڈ کے اس بھیانک ادراکی جال کو توڑنے کے لیے ابن ِ صفی نے دو الگ الگ فکری ماڈل پیش کیے۔

1۔کرنل فریدی کا ماڈل (قانون اور انسٹی ٹیوشنل استحکام): فریدی جانتا ہے کہ اگر نظام کو بچانے کے لیے خود نظامِ عدل کو پامال کر دیا جائے تو ریاست اور زیرو لینڈ کا تفریق ختم ہو جاتا ہے۔ فریدی کا ہتھ کنڈہ قانونی اخلاقیات، بے پناہ ضبط اور علمی و سائنسی استدلال ہے، وہ آخری حد تک قانون کے دائرے میں رہ کر شر کے ساختار کو مسمار کرتا ہے۔2۔علی عمران کا ماڈل (فلسفہ تظاہر اور نقاب کی ساخت شکنی): عمران زیرو لینڈ کا حتمی توڑ ہے۔ زیرو لینڈ کی طاقت اس کی پراسراریت، خوف اور سنجیدہ رعب و دبدبے پر قائم ہے۔ عمران اس رعب کو احمقانہ پن، پوچ گوئی اور بے وقوفی کا نقاب اوڑھ کر پاش پاش کر دیتا ہے۔ وہ گلابی کوٹ پہن کر، بے تکے اشعار پڑھ کر اور دشمن کو ہنستے ہنساتے زائل کر کے اس مرعوب کن ہیبت کا مضحکہ اڑاتا ہے۔

زیرو لینڈ جس عقلانی رعب سے دنیا کو زیر کرنا چاہتا ہے، عمران اس عقلانیت کے مصنوعی پن کا تماشا بنا دیتا ہے۔آئن فلیمنگ نے برطانیہ کو ایک ایسا ہیرو دیا جو اپنے مادی ہتھیاروں سے محض برطانوی راج کی باقیات کی حفاظت کرتا ہے۔ ابن ِ صفی نے اردو ادب اور دنیا کو ایک ایسا فکری فلسفہ دیا جو انسان کو نظریاتی اور نفسیاتی غلامی سے آزاد کراتا ہے۔ اسپیکٹر فلمی پردوں پر ایک کارٹون بن کر رہ گیا، لیکن زیرو لینڈ کی روح آج بھی بدلے ہوئے ناموں سے حکمرانی کر رہی ہے۔