پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز بھی میدان میں آگئے

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم


ویب ڈیسک November 06, 2026

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کو ایک اور ریلیف مل گیا، گڈز ٹرانسپورٹرز نے مال برداری کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کرنے کا اعلان کردیا۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چار سے پانچ روز کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے پیش نظر مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں بھی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر پیٹرولیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 9 روپے 41 پیسے کم ہوکر 352 روپے 59 پیسے جبکہ ڈیزل 5 روپے 56 پیسے سستا ہونے کے بعد 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔

 

ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں کمی کے اعلان سے مال برداری کے اخراجات میں کمی کی توقع ہے، جس کے اثرات اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور قیمتوں پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔