کراچی کے ساحل کے قریب 45 فٹ نایاب اسپرم وہیل کی موجودگی ریکارڈ

نایاب وہیل کراچی سے تقریباً 40 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں سمندر میں اسپرم وہیل دیکھی گئی، ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان


آفتاب خان November 06, 2026

کراچی:

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے کراچی کے ساحل کے قریب نایاب اسپرم وہیل کی موجودگی ریکارڈ کرلی۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق نایاب وہیل کراچی سے تقریباً 40 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں سمندر میں اسپرم وہیل دیکھی گئی، جس کی لمبائی تقریباً 45 فٹ بتائی گئی ہے۔

ادارے کے تیکنیکی مشیر محمد معظم خان کے مطابق اسپرم وہیل کا سندھ کے ساحلی سمندر میں پہلی مرتبہ مشاہدہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اس سے قبل اسپرم وہیل کی موجودگی بلوچستان کے ساحل کے قریب ریکارڈ کی گئی تھی۔

محمد معظم خان کے مطابق اسپرم وہیل کو ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے بورڈ ممبر زاہد میکر کی سمندری مہم کے دوران دیکھا گیا، اسپرم وہیل کی ویڈیو میں اس کا مخصوص سانس لینے کا سوراخ، جلد کے نشانات اور نمایاں کوہان بھی ریکارڈ ہوئے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق پاکستان کے سمندری پانیوں میں وہیل اور ڈولفن سمیت سمندری حیات کی غیرمعمولی اقسام موجود ہیں، پاکستانی سمندری حدود میں وہیل اور ڈولفن کی 26 اقسام ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ پاکستان کے سمندر میں بلیو وہیل، برائیڈز وہیل اور عربین سی ہمپ بیک وہیل بھی پائی جاتی ہیں۔

اسپرم وہیل خوراک کی تلاش میں 300 سے 800 میٹر گہرائی تک غوطہ لگاتی ہے، اسپرم وہیل بعض اوقات ایک سے دو کلومیٹر گہرائی تک بھی پہنچ سکتی ہے۔

سمندری آلودگی، ماہی گیری کے جالوں میں پھنسنے اور بحری جہازوں سے ٹکرانے کے باعث وہیل کو خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان کی سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اور ذمہ دارانہ ماہی گیری ناگزیر ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا سمندری حیات کے تحفظ، تحقیق اور نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنانے پر زور دیتی ہے۔