آسٹریلیا کے تجربہ کار ٹی ٹوئنٹی بیٹر کرس لین کو کوکین استعمال کرنے کے اعتراف پر ایک ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انہوں نے بحالی کا پروگرام بھی مکمل کرلیا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ریگولیٹر کے مطابق 36 سالہ بیٹر کا ڈوپنگ ٹیسٹ 18 جولائی 2026 کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے فائنل ڈے پر لیا گیا تھا۔
کرس لین نے اس میچ میں 39 اور 4 رنز بنائے تھے اور ان کی ٹیم نارتھمپٹن شائر نے تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
فرانس کی لیبارٹری میں نمونے کی جانچ کے دوران کوکین کے استعمال کی تصدیق ہوئی جس کے بعد انہیں عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔
لین نے بعدازاں اعتراف کیا کہ انہوں نے 15 جولائی کی شام اور 16 جولائی کی ابتدائی ساعتوں میں کوکین استعمال کی تھی۔
کرکٹ ریگولیٹر نے تسلیم کیا کہ یہ عمل مقابلے کے دوران نہیں ہوا اور اس کا کھیل کی کارکردگی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
ابتدائی طور پر تین ماہ کی پابندی تجویز کی گئی تھی تاہم نشہ آور اشیا سے متعلق بحالی پروگرام مکمل کرنے پر سزا کم کرکے ایک ماہ کردی گئی جو 30 اگست کو ختم ہوئی۔
کرس لین اب تک پروفیشنل کرکٹ میں واپس نہیں آئے۔ تاہم اطلاعات ہیں کہ وہ آئندہ بگ بیش لیگ میں میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔