آسٹریلوی کرکٹر کوکین استعمال کرنے پر مشکل میں پھنس گئے

کرکٹ ریگولیٹر نے تسلیم کیا کہ یہ عمل مقابلے کے دوران نہیں ہوا اور اس کا کھیل کی کارکردگی سے کوئی تعلق نہیں تھا


اسپورٹس ڈیسک November 06, 2026

آسٹریلیا کے تجربہ کار ٹی ٹوئنٹی بیٹر کرس لین کو کوکین استعمال کرنے کے اعتراف پر ایک ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انہوں نے بحالی کا پروگرام بھی مکمل کرلیا ہے۔

انگلینڈ کرکٹ ریگولیٹر کے مطابق 36 سالہ بیٹر کا ڈوپنگ ٹیسٹ 18 جولائی 2026 کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے فائنل ڈے پر لیا گیا تھا۔

کرس لین نے اس میچ میں 39 اور 4 رنز بنائے تھے اور ان کی ٹیم نارتھمپٹن شائر نے تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

فرانس کی لیبارٹری میں نمونے کی جانچ کے دوران کوکین کے استعمال کی تصدیق ہوئی جس کے بعد انہیں عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔

لین نے بعدازاں اعتراف کیا کہ انہوں نے 15 جولائی کی شام اور 16 جولائی کی ابتدائی ساعتوں میں کوکین استعمال کی تھی۔

کرکٹ ریگولیٹر نے تسلیم کیا کہ یہ عمل مقابلے کے دوران نہیں ہوا اور اس کا کھیل کی کارکردگی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

ابتدائی طور پر تین ماہ کی پابندی تجویز کی گئی تھی تاہم نشہ آور اشیا سے متعلق بحالی پروگرام مکمل کرنے پر سزا کم کرکے ایک ماہ کردی گئی جو 30 اگست کو ختم ہوئی۔

کرس لین اب تک پروفیشنل کرکٹ میں واپس نہیں آئے۔ تاہم اطلاعات ہیں کہ وہ آئندہ بگ بیش لیگ میں میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔