گزشتہ دو سالوں میں کامیاب ترین بیٹر شان مسعود حکام کے دل سے اتر گئے

مائیک ہیسن ٹیسٹ کوچ کی ذمہ داری بھی سنبھال چکے ہیں اور انہوں نے نوجوانوں پر انحصار کا فیصلہ کیا ہے


سلیم خالق November 06, 2026

گزشتہ دو سال میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانا بھی شان مسعود کے کام نہ آیا اور وہ حکام کے دل سے اتر گئے۔

تفصیلات کے مطابق شان مسعود کو بنگلادیش سے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، گوکہ وہ مکمل فٹ بھی نہیں ہیں تاہم انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ مستقبل کے پلانز میں شامل نہیں رہے۔

مائیک ہیسن ٹیسٹ کوچ کی ذمہ داری بھی سنبھال چکے ہیں، انہوں نے نوجوانوں پر انحصار کا فیصلہ کیا ہے۔

شان مسعود نے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف 95 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور گزشتہ دو برس سے وہ پاکستان کے ٹاپ بیٹر ثابت ہوئے ہیں۔ جنوری 2025 سے اب تک انہوں نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ 773 رنز اسکور کیے۔

گزشتہ سال 5 میچز میں انہوں نے تقریبا 40 کی اوسط سے397 رنز بنائے اور رواں برس 6 میچز میں انہوں نے 376 رنز اسکور کیے۔

اسی عرصے میں 720 رنز کے ساتھ بابر اعظم دوسرے اور 643 رنز بنانے والے محمد رضوان تیسرے بہترین پاکستانی بیٹر ہیں۔

37 سالہ شان مسعود پلانز سے باہر ہیں البتہ 36 سال کے محمد عباس کو منتخب کرتے ہوئے عمر کی پالیسی کو نظر انداز کیا گیا، دونوں ہی ٹاپ پرفارمرز ہیں۔

شان مسعود کو گزشتہ برس انٹرنیشنل کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز کے لیے پی سی بی نے کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا تاہم وہ چونکہ مزید کھیلنا چاہتے ہیں اس لیے انتظامی امور سے دور ہی رہے۔

ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے بعد ان کو کپتانی کی پوسٹ سے بھی ہٹا دیا گیا تھا۔ شان مسعود سلیکٹرز اور کوچز کی گڈ بکس میں اب شامل نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق کچھ عرصے قبل بورڈ حکام سے ملاقات میں شان نے بعض آفیشلز کے حوالے سے کوئی تبصرہ کیا تھا جو انہیں پتہ چلا تو وہ بیٹر کے خلاف ہو گئے اور موقع ملتے ہی انہیں باہر کر دیا۔

شان ان دنوں قائد اعظم ٹرافی کا میچ نہیں کھیل رہے ہیں۔