ڈیوون کونوے انجری کے باعث بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر

کونوے اور فاسٹ بولر میٹ ہنری آکلینڈ میں پہلے ون ڈے سے قبل فیلڈنگ پریکٹس کے دوران آپس میں ٹکرا گئے تھے


اسپورٹس ڈیسک November 06, 2026

نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹر ڈیوون کونوے سر پر چوٹ لگنے کے باعث بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کونوے اور فاسٹ بولر میٹ ہنری آکلینڈ میں پہلے ون ڈے سے قبل فیلڈنگ پریکٹس کے دوران آپس میں ٹکرا گئے تھے۔

حادثے کے بعد دونوں کھلاڑی سیریز کا افتتاحی میچ نہیں کھیل سکے۔ تاہم میٹ ہینری کو کنکشن سے کلیئر قرار دے دیا گیا ہے اور وہ ہفتے کو ویلنگٹن میں ہونے والے دوسرے ون ڈے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

کونوے کی جگہ نک کیلی کو نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جو ابتدائی طور پر صرف چوتھے اور پانچویں ون ڈے کے لیے منتخب ہوئے تھے۔

ان کی شمولیت کے باعث نیوزی لینڈ اے اسکواڈ سے ڈیل فلپس کو موقع دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ اے ٹیم کو بھی انجریز کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ سائمن کین، بین لسٹر اور فریزر شیٹ فٹنس مسائل کے باعث بھارت اے کے خلاف تیسرے غیر سرکاری ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کین اور شیٹ آئندہ تین سے چار ہفتوں میں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کرسکتے ہیں،جبکہ لسٹر بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔