پی آئی اے نے طیاروں کی صفائی اور کیبن مینٹیننس کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں پی آئی اے طیاروں کے کیبن کی خصوصی صفائی کا معائنہ کیا گیا۔
سی ای او پی آئی اے ایڈرین ہملٹن مانز کا کہنا تھا کہ طیاروں کی صفائی انتہائی اہم ہے، اپنے برانڈ کو اعلیٰ ترین معیار پر رکھنا ضروری ہے، طیاروں کو بہترین حالت میں برقرار رکھنا ہماری ترجیح ہے۔
ایڈرین ہملٹن مانز نے کہا کہ یہ اس عمل اور رفتار کا آغاز ہے جس کے ذریعے طیاروں کو بہترین حالت میں برقرار رکھا جائے گا۔
سی ای او نے پی آئی اے میں صفائی، معیار اور سروس کے اعلیٰ معیارات کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا عزم کیا۔
صفائی کے عمل میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ملازمین میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔