میاں بیوی کے درمیان جھگڑے میں باپ نے بیٹے کو گولی مار کر خودکشی کرلی

متوفی والد کی شناخت 28 سالہ تنویر جبکہ بیٹے کی پانچ سالہ حسنین کے نام سے شناخت ہوگئی


ویب ڈیسک November 06, 2026
فوٹو اسکرین گریپ

کراچی کے علاقے کلفٹن شاہ رسول کالونی میں گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے طیش میں آکر کمسن بیٹے کو فائرنگ سے قتل کر کے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

 واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کرنے کے بعد باپ اور بیٹے کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے ایدھی کے رضا کاروں کی مدد سے جناح اسپتال پہنچائیں۔

تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن شاہ رسول کالونی میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں باپ اور بیٹا جاں بحق جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کرنے کے بعد لاشیں جناح اسپتال پہنچائیں ، ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی نے بتایا کہ فائرنگ سے ہلاک والد کی شناخت 28 سالہ تنویر جبکہ بیٹے کو 5 سالہ حسنین کے نام سے شناخت کیا گیا۔

پولیس کو جائے واقعہ سے 30 بور پستول اور 2 خول ملے ہیں اور ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے طیش میں آکر پہلے کمسن بیٹے کو کمرے میں لے جا کر فائرنگ کر کے قتل کیا۔

بعدازاں اس نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی ، دونوں میاں بیوی میں مالی معاملات پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں ایس ایچ او نے بتایا کہ فوری طور پر اسلحے کے قانونی یا غیر قانونی کے حوالے سے تعین نہیں ہوسکا اور پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے جبکہ فائرنگ سے متوفی کی اہلیہ شکیلہ اور کمسن بیٹی محفوظ رہی۔

پولیس کے مطابق متوفی تنویر کا آبائی تعلق ساہیوال سے بتایا جاتا ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔