وزیراعظم کے مشیر صنعت و پیداوار ہارون اختر نے کہا ہے کہ نئی آٹو پالیسی کے تحت لگژری کے علاوہ دیگر تمام گاڑیاں سستی ہوں گی اور پالیسی میں لوکلائزیشن پر فوکس ہے، اس حوالے سے ایکسپورٹ ٹارگٹ دیا جائے گا اور پہلے سال 5 فیصد ریوارڈ دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر صنعت و پیداوار ہارون اختر نے کہا کہ لگژری کے علاوہ نئی آٹو پالیسی میں تمام گاڑیاں سستی ہوں گی، اس پالسی کے تحت لوکلائزیشن پر فوکس ہے، اس کے تحت ایکسپورٹ ٹارگٹ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ پر پہلے سال مالیت کا 5 فیصد ریوارڈ دیا جائے گا، ایکسپورٹ ٹارگٹ مینوفیکچرنگ پورا نہ کرنے پر جرمانہ ہوگا، پالیسی کے تحت 5 سال میں 6 ارب برآمدت کا ہدف ہے، نئی پالیسی میں 45اضافی سیفٹی اسٹینڈرڈ رکھے ہیں۔
مشیر صنعت و پیداوار نے کہا کہ پالیسی میں الیکٹرک گاڑیوں پر خصوصی توجہ ہے، ای وی پر سیلز ٹیکس ایک فیصد رینج ایکسٹڈڈ پر 6 اور پلگ ان ہائبرڈ پر 9 فیصد سیلز ٹیکس ہوگا، چارجنگ اسٹیشنز کی مشینری پر سیلز ٹیکس ایک فیصد اور کسٹم ڈیوٹی صفر ہوگی، کمرشل انجن والی بڑی گاڑیوں پر اضافی ڈیوٹی لگے گی۔
ہارون اختر کا کہنا تھا کہ نئی آٹو پالیسی کی عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) سے منظوری ہونا باقی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے آٹو پارٹس مینجوفکچررز کو ایکسپورٹ کا موقع دیا جائے گا جبکہ الیکٹرک موٹر سائیکلز کا فروغ بڑھ رہا ہے۔
نئی آٹو پالیسی کا شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں سے گاڑیوں پر زائد درآمدی ڈیوٹی کے باوجود مقامی انڈسٹری میں تیار ہونے والی گاڑیوں میں جدید سہولیات کا فقدان رہا، تمام مراعات کے باوجود مقامی کار ساز انڈسٹری صارفین کو بہتر گاڑیاں نہیں دے سکی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ متوسط طبقے کے لیے گاڑیوں کی صنعت میں سہولت پیدا کی جائے، نئی آٹو پالیسی سے ماحولیاتی آلودگی سے نجات ملے گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نئی آٹو پالیسی سے درآمدی پیٹرولیم میں نمایاں کمی ہوگی، الیکٹرک گاڑیوں سے فضا میں کاربن کم ہوگا اور ماحول کو فائدہ ہوگا، ماحول، درآمدی بل اور معیشت کے حوالے سے یہ پالیسی انتہائی سازگار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چارجنگ اسٹیشن لگانے پر بھی کسٹم ڈیوٹی نہیں ہے اور سیلز ٹیکس بھی کم کیا گیا ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ نئی پالیسی میں الیکٹرک گاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی کی گئی ہے، نئی پالیسی میں 1000 سی سی تک پیٹرول پر چلنے والی گاڑیوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا ہے۔