سعودی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی، زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں؛ حوثی

سعودیہ کا فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جبکہ آزاد ذرائع سے بھی ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی


ویب ڈیسک November 07, 2026
یمن میں صدارتی محل پر حوثیوں کا میزائل حملہ، 4 افراد ہلاک، 10 زخمی (اے آئی فوٹو)

یمن کے صوبہ صنعا میں سعودی فضائی حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی جبکہ 30 افراد زخمی ہیں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

حوثی گروپ کے زیرانتظام خبر رساں ادارے سبا نیوز ایجنسی نے ہفتے کے روز بتایا کہ صوبہ صنعا کے علاقے الشریعہ میں سعودی جنگی طیاروں کی بمباری سے 22 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔

حوثی گروپ کے ٹی وی چینل المسیرہ نے بھی ہلاکتوں اور زخمیوں کی یہی تعداد بتائی ہے۔

حوثی میڈیا کے مطابق حملے میں زیادہ تر خواتین اور بچے نشانہ بنے جبکہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

حوثی خبر رساں ادارے نے الزام عائد کیا ہے کہ امدادی کارکنوں کو بھی دو مرتبہ فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس سے امدادی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

اس سے قبل حوثی میڈیا نے اسی حملے میں 11 افراد کی ہلاکت اور 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی تاہم بعد میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی۔

دوسری جانب سعودی حکام کی جانب سے ان حملوں اور ہلاکتوں کے دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جبکہ آزاد ذرائع سے بھی ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز صوبہ تعز کے ایک بازار پر حملے میں بھی 30 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کی ذمہ داری دونوں فریق ایک دوسرے پر عائد کر رہے ہیں۔